24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبرپختونخوا ، بالائی پنجاب ، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے،محکمہ موسمیات

منگل 16 اگست 2016 14:19

اسلام آباد ۔ 16 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 اگست۔2016ء) ملک کے بالائی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو گی جبکہ بیشتر میدانی علاقے گرم رہیں گے۔ ڈائریکٹر قومی مرکز برائے موسمیاتی پیشنگوئی ڈاکٹر محمد حنیف نے اس حوالے سے اے پی پی کو بتایا کہ مون سون سیزن میں بارش نہ ہونے کی صورت میں موسم گرم ہو جاتا ہے، بیشتر میدانی علاقوں میں بارش کا امکان نہیں ہے اس لئے ان علاقوں میں موسم موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم بالائی علاقوں میں ہلکی بارش کا ایک سلسلہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہلکی ہوا چلنے سے موسم نسبتا معتدل رہے گا۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبرپختونخوا بشمول مالاکنڈ و ہزارہ ڈویژن، بالائی پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن)، بالائی فاٹا (پاراچنار)، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

آئندہ 48گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم بالائی خیبرپختونخوا ، بالائی پنجاب، بالائی فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا تاہم مالاکنڈ، کوئٹہ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ ہلکی بارش ہوئی۔ اس دوران چلاس میں 05، ہنزہ02، کالام03 اور بارکھان میں 01ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔