راجناتھ کا بیان حقیقت سے کوسوں دور ہے:شبیر شاہ

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کا بیان حوصلہ افزاء ہے، بیان

پیر 22 اگست 2016 16:39

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 اگست۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری جنرل اورڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چےئرمین شبیر احمد شاہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کا بیان حقیقت سے کوسوں دور ہے اور بھارتی رہنما جوکھیل کھیل رہے ہیں وہ سب پر عیاں ہے۔ شبیر احمد شاہ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ راجناتھ سنگھ کو اپنا بیان جاری کرنے سے پہلے کھریو پانپور کے لیکچرار شبیر احمدکے قاتلوں کو عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے اور اس بات کا جواب دینا چاہئے کہ ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ شخص کو کس جرم کی پاداش میں قتل کیا گیاہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جموں وکشمیر کے لوگ تعمیر و ترقی یا مراعات کے لئے اپنی جانیں نچھاور نہیں کررہے ہیں بلکہ انہوں نے گزشتہ 70برس سے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے اپنی جنگ جاری رکھی ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے اپنے بیان میں ایک بار پھر کشمیر کوبھارت کا اندرونی معاملہ قراردیا ہے۔ شبیر احمد شاہ نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ایاد امین مدنی کے بیان کو حوصلہ افزا ء قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں مسلم ممالک سے کافی امیدیں وابستہ ہیں کہ وہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں روکنے اور کشمیریوں کا حق خود ارادیت واگزار کرانے کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالیں گے۔

متعلقہ عنوان :