عالمی بنک تعلیم،صحت،صاف پانی کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے پاکستان کو تعاون فراہم کریگا،معاہدہ طے

بلوچستان کو 20کروڑ ڈالر،پنجاب کو 30کروڑ ڈالر،سندھ حکومت کو 10کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے،عالمی بنک حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کیلئے بھی 5کروڑ ڈالر فراہم کرے گا،معاہدے کے نکات وفاق صوبوں کو ہرقسم کا تعاون فراہم کرے گا، وزیر خزانہ کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 31 اگست 2016 21:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 اگست ۔2016ء ) عالمی بنک بلوچستان کو 20کروڑ ڈالر،پنجاب کو 30کروڑ ڈالر،سندھ حکو کو 10کروڑ ڈالر اور حفاظی ٹیکوں کے پروگرام کیلئے 5کروڑ ڈالر دے گا ، اس حوالے سے معاہدہ طے پاگیا۔بدھ کو یہاں معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب منعقد کی جس میں معاہدے پر پاکستان کی طرف سے اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹری طارق باجوہ اور عالمی بنک کی جانب سے کنٹری ڈائریکٹر بچا موتھو الانگوان نے دستخط کیے ۔

تقریب میں وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔ معاہدے کے تحت عالمی بنک تعلیم،صحت،صاف پانی کی سہولیات کی فراہمی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالے سے تعاون فراہم کرے گا، بلوچستان کو 20کروڑ ڈالر،پنجاب کو 30کروڑ ڈالر،سندھ حکومت کو 10کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے،عالمی بنک حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کیلئے بھی 5کروڑ ڈالر فراہم کرے گا،اس موقع پر وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بنک کے وفد کا پاکستان سے مالیاتی تعاون پر شکرگزار ہوں اور صوبوں سے تعاون کیلئے ہرطرح کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر بچاموتھوالانگوان نے کہا کہ عالمی بنک کیلئے آج اہم دن ہے،آج چار منصوبوں کیلئے معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس سے تعلیم،صحت،صاف پانی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے منصوبوں میں تعاون سے بہتری آئیگی۔