اشرف صحرائی، الطاف شاہ اور ایاز اکبرکو ہمہامہ پولیس اسٹیشن میں نظربند

جمعہ 2 ستمبر 2016 14:13

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 ستمبر۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوٴں محمد اشرف صحرائی، الطاف احمد شاہ اور ایاز اکبرکو غیر قانونی طورپر ، ہمہامہ پولیس اسٹیشن سرینگر میں نظربند کردیا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نظر بند کئے جانیوالے رہنماؤں کے اہلخانہ نے خدشہ ظاہر کیاہے کہ انہیں جموں یا بھارت کی جیلوں منتقل کر دیا جائیگا ۔

محمد اشرف صحرائی کے اہلخانہ نے میڈیا کو بتایا کہ انہیں بد ھ کی شب ہمہامہ پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیاتھا۔ وہ 8 جولائی سے مسلسل گھر میں نظربند تھے ۔اہلخانہ نے بتایا کہ پولیس اہلکار بدھ کی شب گیارہ بجے کے قریب آئے تھے اور وہ اشرف صحرائی کو اپنے ساتھ لے گئے اور انہیں اپنے ساتھ ادویات اور کپڑے لینے کی بھی ہدایت کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

چند روز قبل محمد اشرف صحرائی سے سرینگر میں بھارت کے تحقیقاتی ادارے این آئی اے کے حکام نے بھی پوچھ گچھ کی تھی۔

حریت کانفرنس کے ذرائع کے مطابق الطاف احمد شاہ اور ایاز اکبر کوبھی بدھ کی شب ہمہامہ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیاہے۔ الطاف شاہ نے گزشتہ 54 دنوں سے گھر میں نظربند تھے جبکہ ایاز اکبر پارم پورہ پولیس اسٹیشن میں نظربند تھے۔ ایاز اکبر کابیٹا بھی نظر بند ہے اور این آئی نے اس سے بھی پوچھ گچھ کی ہے۔ میڈیا کی اطلاعات میں ذرائع کے حوالے سے کہاگیا ہے کہ قابض انتظامیہ تمام حریت رہنماؤں کو جموں یا بھارت کی جیلوں میں منتقل کرنے پر غور کر رہی ہے ۔

دریں اثنا اطلاعات کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کے پرسنل سیکرٹری پیر سیف اللہ سرینگر کے صورہ ہسپتال میں میں زیر علاج ہیں۔ وہ حال ہی میں نئی دلی میں میڈیکل چیک اپ کے بعدواپس سرینگر آئے تھے ۔ادھر جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یاسین ملک اور پارٹی رہنما نور محمدکلوال جو جوائنٹ انٹروگیشن سنٹر ہمہامہ میں نظربند تھے کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :