خواتین کے ساتھ مرد حضرات بھی ہنرمندی کے مراکز میں داخلہ لیں‘

نوجوان نسل کو ہنر مند بنا کر بیروزگاری کے خاتمہ میں مدد ملے گی‘کوہالہ کے مقام پر کشمیر روایتی دستکاریوں کا ڈسپلے سینٹر قائم کرینگے تاکہ باہر سے آنے والوں کو روایتی کشمیری دستکاریوں سے آگاہی حاصل ہو ‘ مہاجرین جموں وکشمیر ہمارے لیے قابل احترام انکے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کا مہاجرین جموں وکشمیر کے کیمپ کے دورہ کے موقع پر خطاب

جمعرات 15 ستمبر 2016 14:51

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 ستمبر۔2016ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ خواتین کے ساتھ ساتھ مرد حضرات بھی ہنرمندی کے مراکز میں داخلہ لیں۔ نوجوان نسل کو ہنر مند بنا کر بیروزگاری کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔کوہالہ کے مقام پر کشمیر روایتی دستکاریوں کا ڈسپلے سینٹر قائم کریں گے تاکہ باہر سے آنے والوں کو روایتی کشمیری دستکاریوں سے آگاہی حاصل ہو ۔

مہاجرین جموں وکشمیر ہمارے لیے قابل احترام انکے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔مقامی افراد مہاجرین کے ساتھ حسن سلوک کا مظاہرہ کریں تاکہ انہیں احساس نہ ہو کہ وہ کسی دوسری جگہ پر آئے ہیں۔ اب وہ وقت زیادہ دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر نہ صر ف آزاد ہوگا بلکہ اسکے ساتھ ہی بھارت ٹکڑے ٹکڑے ہوجائیگا۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں بھارت بدترین ریاستی دہشتگردی کا مرتکب ہو کر انسانی حقوق کی کھلم کھلا پامالیاں کر رہا ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو نمازعید کی ادائیگی نہیں کرنے دی گئی ۔ میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں کوریج سے روک دیا گیا ہے۔بھارت کو واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ کی اسکے برہمن سامراج کی قبر کشمیر میں کھودی جائیگی۔ان خیالا ت کا اظہار وزیر اعظم آزادکشمیر نے چہلہ کے مقام پر مہاجرین جموں وکشمیر کے کیمپ کے دورہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ سلیم چشتی،مہاجر رہنما راجہ اظہار خان،راجہ محمد عارف اور دیگر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ وزیر صنعت وسماجی بہبود محترمہ نورین عارف بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھیں۔

قبل ازیں وزیر اعظم آزادکشمیر نے مانک پیاں اور چہلہ بانڈی کے مقام پر کشمیر ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام قائم کیے گئے ہنرمندی کے مراکز کا معائنہ بھی کیا۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت کے غاصب اور قابض حکمران مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم سے کشمیریوں کی قوت ارادی کو توڑنا چاہتے ہیں لیکن کشمیر یوں کے حوصلے کبھی پست نہیں ہونگے۔

کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے اور گزشتہ 70سالوں سے کشمیری اپنی منزل کے حصول کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین ،بچوں اور بوڑھوں پر بھارتی افواج کے مظالم دیکھ کر ہر آنکھ اشکبار ہے۔مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی سنکیوں کے سائے میں پاکستان کے حق میں نعرے لگا کر دنیا پر ثابت کر دیا ہے کہ کشمیریوں کی منزل الحاق پاکستان ہی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ چائینہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ سے دشمن کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں اور وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا ہے ۔ اس منصوبہ کو ناکام کرنے کے لیے دشمن طرح طرح کی سازشیں کر رہا ہے لیکن ہم سب مل کر دشمن کی تمام تر سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوان ہنرمندی کے مراکز سے تربیت حاصل کر یں تاکہ بیروزگاری کے خاتمہ میں مدد مل سکے۔وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیری روایتی دستکاری کو پورے ملک میں روشناس کروانے کے لیے پاکستان کے مختلف شہروں میں ڈسپلے سینٹرز قائم کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :