کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے پر روز نامہ کشمیر ریڈر پر پابندی عائد

پیر 3 اکتوبر 2016 14:13

سرینگر۔ 3 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔03 اکتوبر۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے پر قابض انتظامیہ نے پر یس اور اظہار رائے کی آزادی کے حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرینگر سے شائع ہونے والے روزنامہ کشمیر ریڈر کی اشاعت پر پابندی عائد کردی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سرینگر کے ضلعی مجسٹریٹ نے اپنے حکمنامے میں کہا ہے کہ روزنامے کی اشاعت سے تشدد بھڑک سکتا ہے اورامن وامان خراب ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خبردارکیا کہ اخبار شائع کرنے والوں کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ مقبوضہ علاقے میں گزشتہ تقریباً ڈھائی ماہ سے انٹرنیٹ اور موبائل سروس پر بھی پابندی ہے ۔ قابض انتظامیہ یہ اقدامات دنیا کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بے خبر رکھنے اور بھارتی فورسز کے جرائم پر پردہ ڈالنے کے لیے کررہی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں 8جولائی کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی شہادت کے بعد بھارتی فورسز نے احتجاجی مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے ابتک 108کشمیریوں کو شہید اور ہزاروں کو زخمی کردیا ہے جبکہ سینکڑوں معصوم شہری ایک یا دونوں آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :