مقبوضہ کشمیر ٬ سانحہ بیج بہاڑہ کی 23ویں برسی پر قصبے میں آزادی کے حق میں ریلی کا انعقاد

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 17:16

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کے ہاتھوں بیج بہاڑہ قتل عام کی23ویں برسی پر ہفتے کے روز قصبے کی جامع مسجد کے نزدیک آزادی کے حق میں ایک زبردست ریلی نکالی گئی۔ اطلاعات کے مطابق 22اکتوبر 1993کو بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے بیج بہاڑہ میں پر امن مظاہرین پر بلا اشتعال اندھا دھند فائرنگ کر کے 40سے زائد مظاہرین کو شہید کر دیا تھا ۔

اس روز لوگوں کی ایک بڑی تعداد حضرت بل سرینگر کے محاصرے کے خلا ف احتجاج کر رہی تھی ۔ انہوں نے آزادی کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے سرینگر جموں شاہراہ پر مارچ کیا اور یہ لوگ جب گوری وان کے نزدیک پہنچے تھے بھارتی بارڑر سیکورٹی فورس کی47بٹالیں کے اہلکاروں نے مارچ کے شرکا کو اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا جس سے چالیں سے زائد افراد شہید جبکہ دو سو سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

واقعے کے ایک عینی شاہد مشتاق احمد کاکہناہے کہ اس دن قصبے میں قیامت کا سماں تھا اور ہرطرف لوگ جاں بحق ہونے والوں کی تجہیز وتکفین کیلئے دوڑ رہے تھے۔ ایک بزرگ شہری نے کہاکہ قابض اہلکاروں نے جنازوں کے جلوسوں تک کو نہیں بخشا اور انہیں منتشر کرنے کیلئے گولیاں چلائیں۔ 23برس کا طویل عرصہ گذرنے کے باوجود اس سانحہ کی خوفناک پرچھائیاں لوگوں کے ذہنوں سے ابھی بھی محو نہیں ہوئی ہیںجبکہ دوسری طرف اس وحشیانہ قتل عام کے مجرم اہلکار تاحال آزادانہ گھوم رہے ہیں اور مقتول افراد کے لواحقین ابھی بھی انصاف سے محروم ہیں۔

متعلقہ عنوان :