صوبائی حکومت عوام کے حقوق کے حصول میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی،امجدعلی

صوبے کو سی پیک کے مغربی روٹ کی تعمیر اور اکنامک زون سمیت دیگر تمام لوازمات اور سہولیات سے محروم نہ رکھاجائے، معاون خصوصی وزیراعلی کے پی کے

جمعرات 10 نومبر 2016 18:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہائوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ سی پیک ہماری ترقی کا ایک انتہائی اہم منصوبہ ہے جس میں چھوٹے صوبوں کو نظرانداز کرنے سے مایوسی اور محرومی میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کے حقوق کے حصول میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں جمعرات کے روز پشاور میں ملاکنڈ ڈویژن کے عوامی نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے کے حقوق کے بارے میں زبانی طفل تسلیاں دی جارہی ہیں اور واضح موقف اور ثبوت فراہم نہیں کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور حکومت کے دیگر ذمہ داران نے ہر فورم پر سی پیک میں بھرپور حصہ دینے سے متعلق آواز اٹھائی ہے تاکہ ملک کے مخصوص علاقوں کی ترقی کی بجائے تمام علاقے انصاف اور مساوات کی بنیاد پر ترقی سے ہمکنار ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا دہشت گردی اور قدرتی آفات کے باعث بہت زیادہ متاثر ہوا ہے جسکے ازالے کیلئے ترجیحی طور پر ترقیاتی منصوبوں کی آغاز کی ضرورت ہے تاکہ یہاں کے عوام دوبارہ خوشحالی کی جانب قدم اٹھاسکیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبے کو سی پیک کے مغربی روٹ کی تعمیر اور اکنامک زون سمیت دیگر تمام لوازمات اور سہولیات سے محروم نہ رکھاجائے اور واضح اعلان کے ٓذریعے یہاں کے عوام کے خدشات اور شبہات کو دور کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا منشور ہے کہ محروم طبقوں اور غریب لوگوں کے مسائل ٹھوس حکمت عملی کے تحت جلد حل کرتے ہوئے قوم کے ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے ملک کو تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :