حالیہ انتفادہ سے بھارت اور دنیا کو سخت پیغام ملا ،کشمیری عوام اپنی قسمت کا فیصلہ خود نہ کرلینے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے،میر واعظ عمر فاروق

مسئلہ کشمیر سے نہ صرف جنوبی ایشیاء بلکہ پوری دنیا کے امن و استحکام کوبھی خطرہ لاحق ہے ، عبدالغنی بٹ پوری وادی کشمیر میں ہڑتال ، معمولات زندگی متاثر رہے

پیر 28 نومبر 2016 17:35

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2016ء) مقبوضہ کشمیرمیںحریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہاہے کہ حالیہ انتفادہ نے بھارت اوردنیا کو واضح اور ٹھو س پیغام دیا ہے کہ کشمیری عوام اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کہ وہ اپنی قسمت کا فیصلہ خود نہیں کر لیتے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہاکہ جس جو ش و جذبے سے کشمیری عوام نے گزشتہتقریبا پانچ ماہ کے دوران احتجاج جاری رکھا ہے اس کی مثال دور حاضر میں نہیں ملتی ۔

انہوںنے بھارت سے کہاکہ جب عوام پر عزم ہوں تو ظلم و جبر انہیںمقصد سے ہٹانے کی بجائے اتحاد و اتفاق کا باعث بنتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام اس وقت تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے جب تک کہ انکی سیاسی خواہشات اور جذبات کا احترام نہیں کیا جاتا ۔

(جاری ہے)

سینئر حریت رہنماء پروفیسر عبدالغنی بٹ نے سرینگر میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہاہے کہ حل طلب مسئلہ کشمیر سے نہ صرف جنوبی ایشیاء بلکہ پوری دنیا کے امن و استحکام کوبھی خطرہ لاحق ہے ۔

دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں جیلوں میں پارٹی سربراہ آسیہ اندرابی اور انکے شوہر ڈاکٹر محمد قاسم فکتو کو بنیادی سہولتیں فراہم نہ کرنے پر کٹھ پتلی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ادھر مقبوضہ علاقے میںبھارتی فورسز کے بدترین مظالم کے خلاف آج ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہوئے ۔

وادی کشمیر سمیت تمام چھوٹے اور بڑے قصبوں میںدکانیں، پیٹرول پمپ ، دیگر تجارتی مراکزاور تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد ورفت معطل رہی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند جنری سیکریٹری شبیر احمد شاہ کے اہلخانہ پیلٹ گن سے متاثرہ انشاء مشتاق کے گھرگئے اور باضابطہ طورپر اسے کفالت میں لے لیا ۔ رواں انتفادہ کے دوران بھارتی فورسزکی طرف سے پیلٹ گن کے بے دریغ استعمال سے انشاء کی دونوں آنکھیں زخمی ہو گئی تھیں جس کی وجہ سے وہ بصارت سے محروم ہوگئی تھی۔

متعلقہ عنوان :