مقبوضہ کشمیر میںانسانی حقوق کی خلاف ورزیوںپر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے، شبیر شاہ

جمعرات 8 دسمبر 2016 17:33

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری اور جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے غیر قانونی طور پر نظر بند سربراہ شبیر احمد شاہ نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میںجاری انسانی حقوق کے پامالیوں پر عالمی برادری کی خاموشی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قابض فورسز نے مقبوضہ وادی کو جہنم میں تبدیل کر دیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ دنیا میں جہاں ایک طرف انسانی حقوق کا دن منایا جا رہا ہے وہیں دوسری طرف بھارتی فوج او رپولیس نے نہتے کشمیریوںکاجینا دو بھر کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں حالات دن بہ دن ابتر ہو رہے ہیں اور خود کو دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک کہلوانے والے بھارت نے آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ اور دیگر کالے قوانین کے ذریعے اپنی فورسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل کا لائسنس دے رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ صرف گزشتہ پانچ ماہ کے دوران سو سے زائد کشمیریوںکو شہید اور ہزاروں کو زخمی کیا گیا جبکہ ستم ظریفی یہ ہے کہ عالمی برادری نے بھارتی جبر واستبداد پر چشم پوشی اختیار کر رکھی ہے۔ انھوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف اور تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے موثر طریقے سے اپنی آواز بلند کریں ۔ شبیراحمد شاہ نے پاکستان میں ہوائی جہاز کے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ اظہارتعزیت کیا ہے۔ دریں اثنا فریڈم پارٹی کے ترجمان نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں آرونی بجبہاڑہ میں شہید ہونے والے نو جوانو ں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔

متعلقہ عنوان :