پنجاب کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں،بارش کا امکان نہیں‘ محمد حنیف

پنجاب کے بیشتر میدانی علاقے آئندہ دو دن تک دھند کی شدید لپیٹ میں رہیں گے ، میدانی علاقوں میں آئندہ دو ہفتوں تک بارشوں کا امکان نہیں ہے،ڈائریکٹر محکمہ موسمیات محمد حنیف کی برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو

منگل 13 دسمبر 2016 14:14

پنجاب کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں،بارش کا امکان نہیں‘ محمد حنیف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2016ء) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بیشتر میدانی علاقے آئندہ دو دن تک دھند کی شدید لپیٹ میں رہیں گے جبکہ میدانی علاقوں میں آئندہ دو ہفتوں تک بارشوں کا امکان نہیں ہے۔ ڈائریکٹر محمد حنیف نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’پچھلے کئی ہفتوں سے پاکستان کے میدانی علاقوں میں موسم خشک ہے اور یہ غیرمعمولی صورتحال ہے اور ملک میں پر پانچ سے چھ سال بعد اس وقت اس قسم کا موسم بنتا ہے جب موسم سرما کی بارشیں تاخیر کا شکار ہوتی ہیں یا کم ہوتی ہیں۔

‘ محمد حنیف کا کہنا ہے کہ بارشیں کم ہونے کی وجہ سے فضائی آلودگی زیادہ ہے اور بارانی علاقوں میں گندم کی کاشت کافی حد تک متاثر ہوئی ہے۔ ’بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے ہی پچھلے پانچ دنوں سے ملک کے میدانی علاقوں میں خصوصاً پنجاب میں شدید دھند ہے اور گذشتہ دو دنوں میں ناصرف دھند کی شدت میں اضافہ ہوا بلکہ اس کے پھیلاؤ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

‘ ان کا کہنا تھا کہ ’اب یہ پنجاب کے میدانی علاقوں کے علاوہ سندھ کے بالائی میدانی علاقے سکھر، گھوٹکی اور خیبرپختونخوا کے جنوبی علاقوں ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں تک پھیل چکی ہے۔‘ محمد حنیف کے مطابق دھند کی سب سے زیادہ شدت بالائی پنجاب اور لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان کے علاقوں سمیت موٹروے اور جی ٹی روڈ کے بیشتر حصوں میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند دنوں میں پاکستان کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان نہیں لہذا آئندہ دو دنوں میں اس کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا اور رواں ہفتے کے آخر تک پنجاب کے میدانی علاقوں میں اس کا دورانیہ 14 سے 16 گھنٹے تک ہوسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :