مشترکہ حریت قیادت کی اپیل پر سرینگر میں احتجاجی دھرنا

کشمیر ی عوام کسی ملک کیخلاف نہیں اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، میرواعظ جانبدار عدلیہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتی ،مشترکہ حریت قیادت

پیر 19 دسمبر 2016 17:56

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر بھارت کی آزادی سے قبل بھی ایک الگ، آزاد اور خودمختار خطہ تھا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنمائوںنے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ کشمیر بارے اقوام متحدہ کی قراردادیں جموںوکشمیر کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعے کا واضح ثبو ت ہیں۔

سینئر حریت رہنماء شبیر احمد شاہ نے ایک بیان میں کہاکہ بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کی کوئی اہمیت نہیں اور نہ ہی اس سے مقبوضہ علاقے کی متنازعہ حیثیت تبدیل ہو سکتی ہے ۔ادھر حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے بھارت کے سرکردہ دانشورکمل مرار کا اورصحافی سنتوش بھارتیہ سے سرینگر میںاپنی رہائش گاہ پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ کشمیر ی عوام کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کشمیرایک دیرینہ تنازعہ ہے جس نے گزشتہ سات دہائیوںسے علاقائی امن کو یرغمال بنا رکھا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس اور جماعت اسلامی نے سرینگر میںاپنے الگ الگ بیانات میںدختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کی عدالت کی طرف سے انکی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربندی کالعدم قرادیئے جانے کے باوجوددوبارہ گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے ۔

جماعت اسلامی نے 80سالہ کارکن شیخ محمد یوسف کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پولیس عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں کر رہی ہے ۔ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوج اور پولیس اہلکاروںکے مظالم کے خلاف آج سرینگر میں مائسمہ کے علاقے مدینہ چوک میں احتجاجی دھرنا دیا گیا ۔ دھرنے کی کال مشترکہ حریت قیادت نے دی تھی ۔ حریت رہنمائوں شیخ رشید ،محمد شفیع خان اور راجہ معراج الدین کلوال نے دھرنے میں شرکت کی ۔دریں اثناء حریت رہنمائوں مختار احمد وازہ اور محمد مصدق عادل ساتھیوں کے ہمراہ حالیہ انتفادہ کے دوران بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونیوالے نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کیلئے جنوبی اور شمالی کشمیر گئے ۔

متعلقہ عنوان :