مظلوم غریب عوام کو تعلیم ،صحت ،انصاف اور بنیادی حقوق میسر نہیں ہے ،سربراہ پاکستان سنی تحریک

قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہمیشہ اپنے ملک اور عوام کی فلا ح وبہبود کیلئے کام کیا،ثروت اعجاز قادری

اتوار 25 دسمبر 2016 18:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2016ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ قائد اعظم سچے مسلمان اور عاشق رسول تھے ،رنگ ونسل ذات پات سے بالا تر ہوکر پاکستان بنانے کیلئے سرتوڑ جدوجہد کرکے پاکستان حاصل کیا ،جہاں آج ہم آزادی سے سانس لے رہے ہیں ،حضرت مجدد الف ثانی رحمتہ اللہ علیہ نے اکبر بادشاہ کے دور میں دو قومی نظریہ پیش کرکے سیکولر ازم کو دفن کردیا یہ یاد رہے کہ دو قومی نظریہ کے بانی مجدد الف ثانی ہیں ،دنیا پر واضع کیا کہ ہند و اور مسلمان دو الگ الگ قومیں ہیں دونوں کی عبادت ،مذہب ،ثقافت جدا جدا ہیں ،اعلیٰ حضرت امام احمد رضا نے دو قومی کی بنیاد کو پاکستان کی اساس قرار دیا اور اسے عملی جامہ پہنانے کیلئے سرتوڑ جدوجہد کی اور اسی بنیاد پر پاکستان حاصل کرنے کیلئے ڈاکٹر علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں میں روح پھونکی ،پاکستان بنانے کا مقصد یہاں اسلامی نظام کا نفاذ مسلمان اپنی زندگی اور عبادت آزادی سے بسرکرسکیں ،غربت ختم ترقی وخوشحالی ہمارا مقدر بنے اور انصاف عوام کو دہلیز پر ملے ،مگر بد قسمتی سے آج قائد اعظم کے پاکستان کو کرپشن زدہ سیاستدانوں ،وڈیروں ،سرمایہ دار وں نے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے ،آج مظلوم غریب عوام کو تعلیم ،صحت ،انصاف میسر نہیں ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر نظریہ اکابرین اہلسنت وفکر قائد اعظم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سینئر مرکزی رہنما محمد شاہد غوری ،محمد مبین قادری ،فہیم الدین شیخ ،محمد شہزاد قادری ،محمد طیب قادری ودیگر علماء کرام بھی موجود تھے ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ 21جنوری کو نشترپارک میں جاں نثاران مصطفی کانفرنس میں عوامی سروں کا سمند ہوگا ،الیکشن میں اتحاد ویکجہتی کے ساتھ حصہ لیں گے ،انہوں نے کہا کہ 8کروڑ سے زائد مظلوم غریب عوام غربت کی لکیر سے نیچے کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں ،بھوک وافلاس اور انصاف کی عدم فراہمی سے پریشان حال خود کشیاں کررہے ہیں ،ملک کی دولت لوٹنے والے عیش وعشرت کی زندگی بسر کررہے ہیں ان کو کوئی لگام دینے والا نہیں ہے ،عوام کے حقوق کا استحصال کرنے والے سب اچھا ہے کی بانسری بجا رہے ہیں ،قائد اعظم محمد علی جناح پاکستان کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانا چاہتے تھے تا کہ غربت ختم اور غریبوں کو ان کے حقوق مہیا ہوں ،قائد اعظم ڈے کے موقع پر ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے یکجا ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی ،غریبوں کو ان کے حقوق دلانے کیلئے عملی طور پر میدان میں آکر آواز بلند کرکے انہیں حقوق دلانا ہونگے ،قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہمیشہ اپنے ملک اور عوام کی فلا ح وبہبود کیلئے کام کیا۔

متعلقہ عنوان :