نیشنل ایکشن پلان ،امن ، ترقی ، باہمی تعاون پر عمل درآمد،روشن ، محفوظ ،خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے، ڈپٹی کمشنر

جمعہ 20 جنوری 2017 23:08

مظفرگڑھ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) متحدہ علماء مشائخ امن کمیٹی کے زیرِ اہتمام امن سیمنار سے ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان ،امن ، ترقی ، باہمی تعاون پر عمل درآمد،روشن ، محفوظ ،خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔ علماء مشائخ ، علم و قلم ، ادب وتدریس سے وابسطہ طبقات انتشاری ، انتہا پسندی ،مایوس اور جنونی رویوں کے خلاف علم و قلم کا جہاد قومی فریضہ جان کر انجام دیں۔

اویس ملک ڈی پی او نے کہا قومی سلامتی کے لئے امن دشمن قوتوں کے خلاف فوج ، رینجرز، پولیس ، سیکورٹی اداروں سے وابسطہ آفیسران اور اہلکاران اپنی جانوں پر کھیل کر عوام کی جان ، مال ،عزت آبرو کا تحفظ یقینی بنا رہے ہیں۔ضلع میں جرائم پیشہ گینگز اور ان کے سہولت کاروں کے لئے زمین تنگ کر دی ہے ،امن و امان کے قیام میں علماء مشائخ تمام مسالک کے مذہبی قائدین کا تعاون مثالی ہے۔

(جاری ہے)

چیئر مین ضلع کونسل حافظ عمر خان گوپانگ نے کہا بلدیاتی نمائندے اور بلدیاتی اداروں سے وابسطہ عوام کے منتخب ہزاروں کونسلرز میری امن فوج ہیں جنہیں گلی محلے کی سطح پر متحرک اور فعال کر کے پولیس اور حکومتی اداروں کے ساتھ جوڑتے ہوئے ضلع مظفر گڑھ کو امن کا مثالی ضلع بنائیں گے۔ علماء مشائخ ،تمام مسالک کے قابل احترا م رہنمائوں سے بھرپور راہنمائی ، تعاون حاصل کریں گے۔

ضلع کونسل کو تعمیر و ترقی کا ادارہ بناتے ہوئے دیانت داری سے تمام دیہاتوں کی پسماندگی دور کریں گے۔رانا محمد افضل نے کہا انتشار ، نفرت ، فرقہ واریت ، انتہا پسندی ، نسلی، لسانی ، علاقائی تعصبات امن و ملک دشمن رویے اور کردار ہیں ،جن کو اخوت ، یکجہتی ، رواداری ، برداشت اور باہمی احترام کے کلچر میں بدلنے کی ضرورت ہے۔اسلاف کا متعین کردہ سنہری اصول ’’ اپنا مسلک چھوڑو نہ ، دوسرے کا مسلک چھیڑو نہ ‘‘اپناکر پا ئیدار امن کی منزل حاصل کر سکتے ہیں۔

چیئر مین بلدیہ اکرم چانڈیہ نے کہاا من و ترقی کے لئے سب سے بھرپور تعاون کروں گا۔ وائس چیئر مین ضلع کونسل اقبال خان پتافی نے کہا چیئر مین ضلع کونسل عمر خان گوپانگ کی قیادت میں ضلع کی تعمیر و ترقی ، انسانی خدمت کا عمل جاری رکھیں گے۔ چیئر مین متحدہ علماء مشائخ امن کمیٹی سید عبدالمعبود آزاد نے کہا علمائ مشائخ انتظامی سر براہان ، پولیس اور بلدیاتی نمائندوں سے ضلع کی بہتری ، ترقی اور امن کے لئے بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔ ناظم بلوچ اور افضل چوہان نے کہا سول سوسائٹی ، بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ امن سیمنار ز منعقد ہوتے رہنے چاہئیں.

متعلقہ عنوان :