شہید جلیل اندرابی کے یوم شہادت پرلبریشن فرنٹ کے دفاتر پر دعائیہ مجالس کا اہتمام

پیر 27 مارچ 2017 17:41

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیرلبریشن فرنٹ نے شہید جلیل اندرابی کے یوم شہادت پرانہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سرینگر میں مرکزی دفتر پر ایک تقریب کا اہتمام کیا ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق اس موقع پر شہید جلیل اندرابی سمیت پارٹی کے دیگر رہنمائوں اشفاق مجید وانی، شبیر احمد صدیقی اورڈ اکٹر عبدالاحد گورو کو شاندار خراج عقیدت پیش کیاگیا۔

لبریشن فرنٹ کے نائب چیئرمین ایڈوکیٹ بشیر احمد بٹ نے شہید رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کشمیری قوم کے عظیم سپوت تھے جنہوں نے جموںو کشمیر کو اغیار کے تسلط سے چھڑانے کیلئے بیش بہا قربانیاں دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری قوم انہیں کبھی فراموش نہیں کرسکتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم نے آزادی کے لیے بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے ۔

فرنٹ رہنمانے کہا کہ ہم شہداء کے لہو سے سیراب تحریک آزادی کو اس کی مطلوبہ منزل تک لیجانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی الیکشن کا ڈرامہ کشمیریوں کی بیش بہا قربانیوں کے برعکس عمل ہے اسلئے ہمیں اپنے عظیم شہداء کی قربانیوں کو مدنظررکھتے ہوئے ان کی حفاظت کرنی چاہیے۔ شہید جلیل اندرابی کے یوم شہادت کے موقع پر لبریشن فرنٹ کے تمام ضلعی و ذیلی دفاتر پر قرآن خوانی کی مجالس کا اہتمام کیا گیا جس میں فرنٹ کے رہنمائوں و اراکین نے شرکت کی۔

دریں اثناء جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے پدگام پورہ پلوامہ میںشہید ہونے والے نوجوانوں شہباز شفیع وانی اور فاروق احمد ہرہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے ۔ فرنٹ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ کشمیری نوجوان قربانیاں دے کر تحریک آزادی جموں وکشمیر کے پودے کو سیراب کررہے ہیں۔انہوں نے شہداء کیلئے بلندئ درجات کی دعاکی اور انکے لواحقین سے یکجہتی کا اظہارکیا۔

متعلقہ عنوان :