سپریم کورٹ :مقبوضہ کشمیر کا معاملہ عالمی سطح پر اجاگر نہ کرنے پر حکومت کیخلاف درخواست دائر

جمعرات 13 اپریل 2017 17:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اپریل2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں غیر مقامی باشندوں کی آباد کاری اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوںکو عالمی سطح پر اجاگر نہ کرنے پر حکومت پاکستان کیخلاف آئینی درخواست سپریم کورٹ دائر کردی ہے ،جمعرات کو کشمیر جہاد کونسل کے صدراے آر قیصر کی جانب سے محمد کوکب اقبال ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی گئی درخواست میں حکومت پاکستان کو بذریعہ کابینہ ڈویژن اور وزارت خارجہ کو فریق بنا یا گیاہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے رہائشی ہیں اور بھارتی حکومت غیر مقامی باشندوں بالخصوص سابق بھارتی فوجیوں کو مقبوضہ کشمیر میں زمینیں الاٹ کررہی ہے تاکہ اسرائیل کی طرز پر آبادیاں قائم کرکے اور ہندوئوں کوآباد کرکے وادی کے تشخص کو تبدیل کیا جاسکے، جبکہ وادی میں خواتین، بچوں اور عام شہریوں سمیت نوجوانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں جس کے خلاف حکومت پاکستان، ہائی کمیشن اور سفارتکارعالمی فورمز نبشمول اقوام متحدہ، او آئی سی پر بھر پور طریقے سے آواز نہیں اٹھارہے۔

(جاری ہے)

جبکہ بھارتی جیلوں میں قیدپاکستانی شہریوں کیلئے بھی موثر آواز نہیں اٹھائی جارہی۔بھارت میں قیدپاکستانیوں پر ظلم کے پہاڑتوڑے جارہے ہیںحتی کہ انہیں سفارتکاروں یا ہائی کمیشن کے ذریعے اپنے گھر والوں سے بات چیت کا موقع بھی نہیں دیا جاتا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ متعدد بار کوششوں کے باوجود حکومت پاکستان اس معاملہ پر کوئی توجہ نہیں دے رہی درخواست گذار کی جانب سے اس حساس معاملہ پر متعدد بار سیمینارز اورکانفرنسز بھی کی گئیں لیکن حکومت کے کانوں پر جون تک نہیں رینگی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ یہ معاملہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور عوامی اہمیت کا حامل ہے اس ضمن میں فریقین کی ذمہ داری ہے کہ سفارتکاروں، ہائی کمیشنز اور ڈپلومیٹس کو متحرک کرکے معاملہ کو عالمی فورمز پر اٹھائیں۔درخواست میں عدالت عظمی سے استدعا کی گئی ہے کہ حکومت پاکستان اور وزارت خارجہ کوحکم دیا جائے کہ اس معاملہ کو یورپ، امریکہ،اقوام متحدہ ، او آئی سی سمیت دیگر تمام عالمی فورمز پر اٹھانے کیلئے وفود بھجوائے تاکہ کشمیریوں کو بھر پور اخلاقی ،سفارتی و سیاسی حمایت فراہم کی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :