لاہور میں اپریل میں گرمی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا

منگل 18 اپریل 2017 20:32

لاہور میں اپریل میں گرمی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2017ء) لاہور میں اپریل کے مہینے میں گرمی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر تیز ہواوں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ سندھ، پنجاب، جنوبی بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہا۔

لاہور میں شدید گرمی پڑی جہاں اپریل کے مہینے میں گرمی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، اس سے پہلے اپریل 2010 میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہیگا تاہم مالاکنڈ، راولپنڈی ڈویژن،بالائی فاٹا، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر تیز ہواوں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے میدانی علاقوں، سکھر، شہید بینظیر اباد، لاڑکانہ، حیدر اباد، نصیر اباد، مکران اورسبی ڈویژن میں شدید گرمی پڑے گی۔ منگل کو ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت سبی، لاڑکانہ، نورپورتھل، بھکر، ڈی جی خان47، کوٹ ادو 46، لاہور، رحیم یار خان، خانپور، بہاولنگر، بہاولپور، روہری، ملتان، جیکب آباد، فیصل آباد، ڈی آئی خان، جھنگ، ساہیوال میں 45 جبکہ اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس دوران اسلام آباد میں پولن کی تعداد 895 فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی۔

متعلقہ عنوان :