پلوامہ اور کپواڑہ میں کشمیری طلباء کے احتجاجی مظاہروںکا سلسلہ جاری

مظاہرین اور بھارتی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں متعدد طالب علم زخمی ہو گئے

جمعرات 27 اپریل 2017 17:38

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں طلباء نے پلوامہ ، کپواڑہ اور دیگر علاقوں میں جمعرات کو بھی بھارت مخالف مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھا ۔ مظاہرین اور بھارتی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں متعدد طالب علم زخمی ہو گئے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پلوامہ میں ہائیر سکینڈری سکول کے طلباء نے بھارتی پولیس کی طرف سے گرفتار کئے جانیوالے اپنے ساتھی طلبا کی رہائی کیلئے سڑکوں پر احتجاج کیا جس کے بعد مظاہرین اور بھارتی فورسز کے اہلکاروںکے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں۔

طلباء نے سکول میں احتجاج کیا اور بعدا زاں انہوںنے مرکزی چوک کی طرف مارچ کیا جہاں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروںنے انہیں منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے بعد جھڑپیں شروع ہوگئیں۔

(جاری ہے)

جھڑپوںکی وجہ سے علاقے کے تاجروں کواپنی دکانیں مجبورابند کرنا پڑیں۔کپواڑہ کے علاقے کرال پورہ میں بھی طلباء نے پلوامہ کالج کے طلباء پر بھارتی فورسز کے تشدد کے خلاف احتجاج کیا ۔

گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول ناربل کے طلباء نے مظاہرے کئے اور قریبی فوجی کیمپ کی طرف مارچ کیا ۔ اس دوران فورسز کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔بعدازاںملحقہ علاقوں کے طلباء بھی احتجاج میں شامل ہوگئے۔ ادھر بڈگام کے علاقے ناگام میں مظاہرین نے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کے مرکزی گیٹ کو تالا لگادیا ۔ مظاہرین ڈاکٹروں کی عدم توجہی کے خلاف احتجاج کر رہے تھے ۔ مظاہرین نے میڈیا کو بتایا کہ ہسپتال میں ماہر ڈاکٹرموجود نہیں ہیں اور الٹراسونوگرافی مشین ایک ماہ سے خراب ہے ۔

متعلقہ عنوان :