سری لنکاکے 15ماسٹر ٹرینر اگلے 6ماہ 3ہزار پاکستانی طلباء کو خوراک کی تیاری اورکوکنگ کی فنی تربیت دینگے

ابتد ا میںیہ کورس لاہور‘راولپنڈی ‘ملتان اور فیصل آباد کے 9تعلیمی اداروں میں شروع کیا جا رہا ہے،چیئرمین ٹیوٹا کی گفتگو

اتوار 30 اپریل 2017 17:00

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2017ء) سری لنکا کے 15ماسٹر ٹرینر اگلے 6ماہ کے دوران 3ہزار پاکستانی طلباء کوفوڈ پریپریشن اینڈ کوکنگ کی فنی تربیت دینگے جبکہ اساتذہ کو بھی ٹرینڈکرینگے، ابتدائی طور پر ٹیوٹا یہ کورس پنجاب کے 4شہروں لاہور،راولپنڈی ،ملتان اور فیصل آباد کے 9تعلیمی اداروں سے شروع کر رہا ہے ۔ان کیاخیالات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفا ن قیصر شیخ نے اے پی پی سے گفتگو کر تے ہوئے کہا۔

انہوں نے بتایا کہ چند روز میں کلاسز کا آغاز کر دیاجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہاسپٹیلیٹی کے شعبہ میں دنیا بھر میں روزگار کے مواقع موجود ہیںلیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمارے طلباء کے پا س وہ سرٹیفکیٹ ہو جسے دنیا بھر میںتسلیم کیا جائے، سٹی اینڈ گلڈز دنیا کا ممتاز ادارہ ہے، انہو ں نے کہا کہ یہ ماسٹر ٹرینرز ہمارے طلباء کو بھی تربیت دینگے اور اساتذہ کو بھی ٹرینڈکرینگے ،ہم نے کوالٹی کو بہتر بنانے کا عہد کیا ہو ا ہے اور یہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔

(جاری ہے)

عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ آغاز میں ٹیوٹا یہ کورس پنجاب کے 4شہروں لاہور،راولپنڈی ،ملتان اور فیصل آباد کے 9تعلیمی اداروں سے شروع کر رہا ہے ،ہمارا ٹارگٹ ہے کہ اگلے 6ماہ کے کورس میں 8شہروں کے 16تعلیمی اداروں میں شروع کیا جائے ۔چیئر مین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے مزید کہا کہ ٹیوٹا پاکستانی طلبا کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کیلئے ماسٹر ٹرینرز فراہم کر ہا ہے جس سے طلبا کو بین الاقوامی سطح کے روزگار کے مواقع میسر ہونگے،سری لنکا کے علاوہ، چین اور جاپان کے ماسٹر ٹرینر بھی مختلف شعبہ جات میں خدمات فراہم کر رہے ہیں جو طلبا کی استعداد کار بڑھانے میں کار آمد ثابت ہوئے ہیں۔