صدر آزاد کشمیر کا درہ حاجی پیر میں تعینات پاک فوج کے ایف ایف رجمنٹ کے دفاتر اور پوسٹوں کا دورہ

جمعرات 4 مئی 2017 19:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2017ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے گزشتہ روز درہ حاجی پیر میں تعینات پاک فوج کے ایف ایف رجمنٹ کے دفاتر اور پوسٹوں کا دورہ کرکے کنٹرول لائن کی تازہ ترین صورتحال اور برف پوش دشوار گزار علاقوں میں تعینات فوجی افسروں اور جوانوں کی خیریت دریافت کی۔ صدر سردار مسعود خان کو کمانڈنگ افسر نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ہندوستان کے مقابلے میں اگلے مورچوں پر تعینات ہمارے جوانوں کے حوصلے بلند ہیں۔

ہماری پوزیشن مستحکم ہے۔ دشمن کنٹرول لائن کے اس سیکٹر سے کسی مہم جوئی کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ ہمیں مقامی عوام کی ہر ممکن مدد اور تعاون حاصل ہے۔ اس لیے جنگ کی صورت میں اضافی نفری اور رسد کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔

(جاری ہے)

جبکہ دشمن کو آگے اور پیچے دو محازوں کا سامنا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں شدید سرد موسم میں جب راستے مسدود ہو جاتے ہیں۔ تو فوج اور عوام ایک دوسرے کا سہارا اور مدد گار بن جاتے ہیں۔

یہاں اسلامی اخوت بھائی چارے کا عملی مظاہرہ ہوتا ہے۔ اس لیے ہم گھروں سے دور رہ کر بھی خود کو تنہا نہیں سمجھتے ۔ صدر آزاد کشمیر نے اگلے مورچوں پر موجود جوانوں اور افسروں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں دفاع وطن کا فریضہ ادا کرنے والے جوانوں اور افسران پر کشمیری قوم کو فخر ہے۔ پاک فوج اور کشمیریوں کا تعلق بہت مضبوط اور دیرینہ ہے۔ بھارت کی بزدلانہ فائرنگ کے نتیجہ میں کنٹرول لائن کے اس پار کشمیری عوام اور فوج کا خون ایک ساتھ بہتا ہے۔ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے۔ کسی بیرونی مہم جوئی کی صورت میں کشمیری عوام ، پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑیں گے۔

متعلقہ عنوان :