پاکستان سنی تحریک کاوفاقی حکومت سے کشمیر پالیسی واضح کرنے اور چیئرمین کشمیر کمیٹی کو فوری تبدیل کرنے کا مطالبہ

اتوار 14 مئی 2017 17:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مئی2017ء) پاکستان سنی تحریک نے وفاقی حکومت سے کشمیر پالیسی واضح کرنے اور چیئرمین کشمیر کمیٹی کو فوری تبدیل کرنے کا مطالبہ کردیا۔مظلوم کشمیری عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی ‘تحریک آزادی کیلئے ایک لاکھ رضا کار مہیا کرنے کااعلان ‘مقبوضہ کشمیر بھارتی فوج کے مظالم پر دل خون کے آنسو روتا ہے۔

او آئی سی ‘ اقوام متحدہ اور عالمی برادری بھارتی مظالم کا نوٹس لے ۔ہم بہت جلد سرینگر پہنچیں گے ۔ انشاء اللہ کشمیر آزاد ہو گا۔ اب وقت آچکا ہے کہ ظالم بھارتی فوج کو مقبوضہ کشمیر سے نکلنا ہو گا۔گزشتہ روز پاکستان سنی تحریک کے سربراہ انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے شہزاد رضا‘ محمد وقاص ‘ اویس رضا اور دیگر کے ہمراہ گزشتہ روز مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اہلیان اسلام کی حالت پر دل خون کے آنسو روتا ہے ۔

(جاری ہے)

کشمیر ‘عراق ‘شام ‘فلسطین ‘ افغانستان سمیت دنیا بھر کے ۱نہتے مسلمانوں کے خلاف کفار متحد ہو چکے ہیں۔ برما میں قتل عام معمول ہے۔ افسوس کہ دنیا بھر کی مسلم ریاستیں خاموش ہیں۔ بھارت کی مودی سرکا ر کا ظلم پوری دنیا کو تو نظر آرہا ہے مگرحکومت پاکستان کو دکھائی نہیں دیتا۔ مسئلہ کشمیر میں حکومت کی طرف سے بنائے جانے والی کشمیر کمیٹی کا کوئی کردار نظر نہیں آتا ۔

اس کے چیئرمین فضل الرحمان اپنی اخلاقی ‘ ملکی ذمہ دار ی سے مکمل طور پر غافل ہیں۔ ان کی خاموشی بھاتی افواج کے اعلانیہ حمایت کے مترادف ہے۔ فضل الرحمان اور کشمیر کمیٹی اکھٹے نہیں چل سکتے ان کو فوری کشمیر کمیٹی سے الگ کیا جائے۔ گزشتہ چند ماہ میں مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا جو سلسلہ جاری ہے 70سال میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔ عالمی برادی نے جس طرح مسئلہ کشمیر کو نظرانداز کیا یہ دنیا کے امن کیلئے بھیانک ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے ۔جو کسی بھی صورت پاکستان میں امن و ترقی نہیں دیکھ سکتا ۔بلوچستان ‘ کراچی ‘ کے پی کے سمیت سرحدوں اور ملک بھر میں بھارتی مداخلت کے ثبوت پاکستان کے پاس موجود ہیں۔ مگر نامعلوم کیوں غدار کلبھوشن کو بھی باعزت رہا کرنے کیلئے خود حکومت پاکستان بے تاب دکھائی دیتی ہے۔ بھارت کشمیر میں ہر رو ز مسلمانوں کو ذبح کررہا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف بھارتی تاجروں کو بلا کر ذاتی کاروباراور خاندانی دوستیاں نبھارہے ہیں ۔ قوم جاننا چاہتی ہے کہ کلبھوشن یادو کو پھانسی کی سزا سنانے کے بعد سرکار مہمان بنا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں قائم ہونیوالا امن بلاشبہ پاک فوج ‘رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مرہون منت ہے۔ مگر پی پی کی صوبائی حکومت ہر تین ماہ بعد رینجرز کو اختیارات دینے میں حیل و ہجت سے کام لے رہی ہو تی ہے۔

ملکی ترقی کیلئے ضروری ہیکہ ایماندار اور محب وطن قیادت کا انتخاب کرنا ہو گا۔ ایک سوال کے جوا ب میں ان کا کہناتھا کہ ملک کا وزیرخارجہ نہیں ہے حکومت کشمیر پالیسی میں فیل ہو چکی ہے۔ کشمیر کے جوان ‘ بچے ‘ بوڑھے اور خواتین سب قربانیاں دے رہے ہیں۔ کشمیری شہداء پاکستانی پرچم کو اپنا کفن بنا رہے ہیں۔ ہم شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انشاء اللہ قربانیوں اور جدوجہد کے نتیجہ میں کشمیر بہت جلد آزاد ہو گا۔ہمارا ایک لاکھ رضا کار تیار بیٹھا ہے ۔وقت آنے پر اداروں کی پالیسی کے مطابق کشمیر میں جائیں گے۔ قبل ازیں پاکستان سنی تحریک کے سربراہ انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری جب کوہالہ پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اور ریلی کی صورت میں انھیں مظفرآباد لایا گیا۔ جگہ جگہ استقبال ہو تا رہا ۔ فلک شگاف نعرے لگتے رہے۔ انہوں نے دربار سائیں سخی سہیلی سرکار پر حاضری بھی دی ۔

متعلقہ عنوان :