بھارتی رہنما ء نہتے کشمیری عوام کو بندوق اور بارود سے زیر کرنا چاہتے ہیں، شبیر شاہ

بھارتی فوجی جان بوجھ کر تعلیمی اداروں میں داخل ہو کر نوجوانوں کو مشتعل کررہے ہیں ، چیئرمین ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی

پیر 29 مئی 2017 21:39

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2017ء) مقبوضہ کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے کہا ہے کہ بھارتی رہنمائوں کے متضاد بیانات سے واضح ہوجاتا ہے کہ یہ لوگ خود ایک دوسرے کے خیالات سے متفق نہیں ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میںکہا کہ ان کے پاس مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے کوئی متفقہ لائحہ عمل نہیں ہے اوروہ صرف نوجوانوں کو مشتعل کرکے انہیں پشت بہ دیوار کرنا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کے سربراہ جنرل راوت عام شہریوں اور نوجوانوںکے ساتھ ظالمانہ سلوک اختیار کرنے کی تاویلیں پیش کررہے ہیں اور کشمیری نوجوانوں کو بندوق اٹھانے کا جواز فراہم کررہے ہیں تاکہ ان کا قتل عام جاری رکھنے کیلئے بہانہ ہاتھ آئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنرل راوت کے بیان سے ہمارے موقف کی تصدیق ہوتی ہے کہ بھارتی فوجی جان بوجھ کر تعلیمی اداروں میں داخل ہو کر نوجوانوں کو مشتعل کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں پر مظالم ڈھانے اور ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر جاری کرنے یہ بات ثابت ہوجاتی ہے کہ بھارتی حکمران کشمیر میں نوجوان نسل کو ختم کرنے کے لئے جواز تلاش کررہے ہیں۔شبیر احمد شاہ نے راجناتھ سنگھ ،امیت شاہ ،ارون جیٹلی اوربھارت کے دیگررہنمائوں کے بیانات کو ایک دوسرے کی ضد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ صرف ایک بات پر متفق ہیں کہ نہتے کشمیری عوام کو بندوق اور بارود سے زیر کیا جائے۔انہوںنے راجناتھ سنگھ کے بیان پر کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے تمام فریقین سے بات کی جائے گی، ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو برصغیر میں بے چینی اور عدم استحکام ختم ہوجائے گا اور خطہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوجائے گا۔

متعلقہ عنوان :