انجینئر رشید کا سات جون کو کشمیری پرچم کا دن منانے کا اعلان

اگر جموں وکشمیر بھارت کا اٹو ٹ انگ ہے تو اس کا الگ آئین اور پرچم کیوں ہے

جمعہ 2 جون 2017 12:54

انجینئر رشید کا سات جون کو کشمیری پرچم کا دن منانے کا اعلان
سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں نام نہاد اسمبلی کے رکن اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کو صرف کشمیری عوام کوان کا ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت دے کر ہی حل کیا جاسکتا ہے ۔ انہوںنے بھارت سے سوال کیا ہے کہ اگر جموںو کشمیر اس کا اٹوٹ انگ ہے تو پھر اس ریاست کا الگ آئین اور الگ پرچم کیوں ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر رشید نے سرینگر میں پارٹی کے کور گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپنا یہ موقف دہرایا کہ جموںو کشمیر کسی بھی طرح بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں ہے۔انہوںنے کہا کہ عوامی اتحاد پارٹی ہر سال ریاستی پرچم کا دن فقط بھارت کو اس بات کی یاد دہانی کرانے کیلئے مناتی آرہی ہے کہ جموں وکشمیر کی ایک علیٰحدہ اور منفرد شناخت ہے جس کا اپنا آئین اور پرچم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ کشمیری عوام کیلئے اپنا پرچم ترنگے کے مقابلے میں کسی بھی طرح کم اہمیت نہیں رکھتا ہے۔انجینئر رشید نے کہا کہ 7 جون کو جموںوکشمیر کے پرچم کے دن کے طور پرمنایا جائے گا ۔انہوںنے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ یہ دن بھرپو ر طورپر منائیں تاکہ بھارت پر ایک بار پھر واضح کیا جاسکے کہ جموں وکشمیر اس کا اٹوٹ انگ نہیں بلکہ ایک متنازعہ علاقہ ہے ۔

متعلقہ عنوان :