بھارت مہلک ہتھیاروں کے استعمال کیلئے بہانے تلاش کررہا ہے، سید علی گیلانی

کشمیر سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے ، لٹکاکے رکھنے سے جنوبی ایشیا میںصورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے،بھارت ہٹ دھرمی ترک کر کے کشمیری عوام کیساتھ کئے گئے وعدے پورے کرے،بیان حریت رہنمائوں کی جمعہ کو پرامن مظاہروں کی اپیل

منگل 6 جون 2017 18:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارتی حکمران کشمیر ی عوام کے خلاف مہلک ہتھیاروں کے استعمال کا جواز پیدا کرنے کے لیے علاقے میں حالات کو مزید خراب کرنے کی سازش کررہے ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگرسے جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیر ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے اور اس کو لٹکاکے رکھنے سے جنوبی ایشیا میںصورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کوبرقرار رکھنے سے پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلے سے کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔ سید علی گیلانی نے بھارت پر زوردیا کہ وہ ہٹ دھرمی ترک کرے اورکشمیری عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کرے۔

(جاری ہے)

بزرگ رہنما نے مزاحمتی قیادت اور سیاسی کارکنوں کے گھروں پر بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کے چھاپوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیری عوام جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ این آئی اے کویہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ کشمیری حریت قیادت کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کرے۔ سید علی گیلانی، میرواعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے حریت رہنمائوں اور کارکنوں کے گھروں اور دفاتر پر چھاپوں کے خلاف9جون کو نماز جمعہ کے بعد پرامن مظاہروں کی اپیل کی ہے۔

جموںو کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے ایک بیان میں کہا کہ مزاحمتی قیادت کی گرفتاریاں ، گھروں میںنظربندیاں اور دیگر ظالمانہ اقدامات کشمیر میں مارشل لاء کے نفاذ کی واضح مثال ہیں۔محمد یاسین ملک نے سرینگر میںایس ایم ایچ ایس ہسپتال کا دورہ کیا اور گزشتہ ماہ اسلام آباد کے علاقے مٹن میں پولیس کی طرف سے چلائے گئے شیل سے زخمی ہونے والے نوجوان سمیر احمد کی عیادت کی۔

دریں اثناء سیاحتی صنعت سے وابستہ تاجروں نے بھارتی ٹی وی چینلز کی طرف سے کشمیر کے حوالے سے منفی پروپیگنڈے کی شدید مذمت کی ہے۔ مختلف تاجر تنظیموں کے رہنمائوں نے سرینگر میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹی وی چینلز نے کشمیر کے خلاف مکروہ مہم شروع کررکھی ہے۔ انہوں نے عوام پر زوردیا کہ وہ بھارتی نیوز چینلز کا بائیکاٹ کریں۔

متعلقہ عنوان :