بھارت 8لاکھ فوجیوں کے بل پرکشمیریوں کو زیر کرنا چاہتا ہے، شبیر شاہ

ہفتہ 17 جون 2017 19:07

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری شبیر احمد شاہ نے بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام کاذمہ دار مکمل طور پر بھارتی قیادت اور مقبوضہ علاقے میں اسکے گماشتوں کو ٹھراتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت 8لاکھ فوجیوں کے بل پرکشمیریوں کو زیر کرنا چاہتا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں جاری بیان میں کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے کشمیریوں کے خلاف باقاعدہ جنگ چھیڑ رکھی ہے جبکہ بھارتی میڈیا سے وابستہ کچھ جنونیوں نے غلط اور اشتعال انگیز پروپگنڈا کے ذریعے حالات کو مزید خراب کر رکھا ہے۔

شبیر احمد شاہ نے بھارتی فضائیہ کے سابق سربراہ ائیرمارشل(ر) این ایچ نائک، فوجی سربراہ جنرل راوت ، وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ ،رام مادھو ، امیت شاہ اور دیگر کے مذموم بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ہر روز کشمیر اور کشمیریوں کے خلاف آگ اگلتے رہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ان لوگوں کے اشتعال انگیز بیانات سے بھارتی فورسز کو کشمیریوں کے قتل کی مزید شہہ ملتی ہے۔

شبیر احمد شاہ نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ طاقت آزمائی کے بجائے مسئلہ کشمیر کے حل کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات اُٹھائے ۔انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیری گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی فوج کے جبری قبضے کے خلاف مصروف جدوجہد ہیں اور وہ اپنی یہ جدوجہد مقصد کے حصول تک جاری رکھیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی جبر و استبداد کا نوٹس لیں اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اس پر دبائو ڈالے۔ شبیر احمد شاہ نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کولگام اور دیگر علاقوں میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :