کوٹلی ‘اسلامی تحریک پاکستان، شیعہ علماء کونسل، اسلامک ڈیموکریٹک پارٹی ، مجلس وحدتِ المسلمین و دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام عظیم الشان یوم القدس ریلی کا انعقاد

جمعہ 23 جون 2017 17:59

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2017ء) کوٹلی میں اسلامی تحریک پاکستان، شیعہ علماء کونسل، اسلامک ڈیموکریٹک پارٹی ، مجلس وحدتِ المسلمین و دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام عظیم الشان یوم القدس ریلی کا انعقاد۔ریلی میں شرکاء نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔ القدس ریلی دربار شیر شاہ بادشاہ کے قریب سے شروع ہوکر جمعہ بازار چوک میں جلسے کی شکل اختیا رکر گئی۔

جلسہٴ عام سے چیئرمین اسلامک ڈیموکریٹک پارٹی علی اظہر شاہ ایڈووکیٹ ، اسلامی تحریک پاکستان کے راہنما ڈاکٹر اخلاق نقوی، شیعہ علماء کونسل آزادکشمیر کے صدر علامہ صادق حسین نقوی، مذہبی سکالر محمود شیرازی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے فلسطین پر اور بیت المقدس پر اسرا ئیل کے ظالمانہ تسلط، نہتے فلسطینی عوام پر ظلم و ستم کی شدید الفاظ میںمذمت کرتے ہوئے صیہونی طاقتوں کو واضح کیا کہ وہ عالمی سازشوں کے ذریعے مسلمانوں میں فرقہ واریت، انہیں تقسیم کرنے سے باز رہیں۔

(جاری ہے)

مسلمانانِ عالم باہم متحد ومنظم ہوکر غاصب قوتوں کے خلاف حکمت عملی کے تحت کا م کرتے ہوئے اپنا قبلہ اول آزاد کراسکتے ہیں۔ مقرر ین نے مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں پر بھارتی افواج کے تسلط و مظالم کی بھی مذمت کی۔ اس موقع پر اسرائیل وبھارت کے ناجائز تسلط اور نہتے مسلمانوں پر ظلم وستم کی بھی مذمت کرتے ہوئے غاصب ممالک کو پیغام دیا گیا کہ وہ مقبوضہ علاقوں سے اپنا غیر قانونی تسلط فی الفو رختم کریں ورنہ اپنی تباہی وبربادی کے لیے تیار ہوجائیں۔

جلوس وریلی کے شرکاء نے بینرز و پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ شرکاء اسرائیل، امریکہ وبھارت مرد ہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ شرکاء نے فلسطین ، مقبوضہ کشمیر ، برما کے مسلمانوںسے اظہاریکجہتی کے لیے قراردادیں بھی پاس کیں۔آخر میں بیت المقدس کی آزادی، کشمیر کی آزادی، وطن عز یز پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

متعلقہ عنوان :