کراچی اور گلگت بلتستان کے ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی کی کامیابی2018 کے انتخابات کی جھلک ہے‘ چوہدری یاسین

پیر 10 جولائی 2017 15:36

کراچی اور گلگت بلتستان کے ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی کی کامیابی2018 ..
کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 جولائی2017ء) آزادجموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری محمدیٰسین نے کہا ہے کہ کہ کراچی اور گلگت بلتستان کے ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی کی کامیابی2018ء کے انتخابات کی صرف ایک جھلک ہے ۔ پیپلزپارٹی کو کمزور سمجھنے والے ضمنی انتخابات کے نتائج دیکھ لیں۔اس ملک میں جب بھی منصفانہ انتخابات ہوئے پیپلزپاٹی نے کامیابی حاصل کی۔

وہ آج یہاں مختلف وفود سے گفتگوکررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان کے انتخابات میں وفاق اور چاروں صوبوں میں پیپلزپارٹی حکومت بنائے گی ۔ ہم نے اچھل کود کی سیاست کے بجائے ایشوز اور شائستگی کی سیاست کو فروغ دیا ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے عوام اب پیپلزپارٹی کی صفوں میں جوق درجوق شمولیت اختیارکررہے ہیں انہوں نے کہا کہ پانا مہ کیس میں میاں نوازشریف ملوث پائے گئے ان کو پیپلزپارٹی کی طرح نیا وزیراعظم لانا چاہئے ، پیپلزپارٹی نے جمہوریت کو بچانے اور اداروں کی ساکھ بحال کروانے کیلئے بہترین فیصلے کئے ۔

(جاری ہے)

میاں نوازشریف فوراً اقتدار چھوڑ کر اپنی پارٹی سے کسی دوسرے کو وزیراعظم بنا دیں نوازشریف زاتی مفاد کی خاطر ملک جمہوریت اور اداروں کو داؤ پر نہ لگائیں ورنہ ان کے پاس کچھ نہیں بچے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے عدالتی فیصلوں کے ذریعے پھانسیاں بھی دیکھی ہیں اور حکومتیں بھی ختم کروائیں لیکن عدالتوں پر حملے نہیں کیے ، ہم نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں جب بھی منصفانہ انتخابات ہوئے پیپلزپارٹی دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے دس اضلاع میں کامیابی حاصل کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :