مقبوضہ کشمیر میں ظفر اکبر، جاوید میر کا نظر بندحریت رہنمائوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی

جمعرات 3 اگست 2017 19:01

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2017ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما ظفر اکبر بٹ اور جاوید احمد میر غیر قانونی طور پر نظر بند آزادی پسند رہنمائوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے انکے گھروں میں گئے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق دونوں رہنما شبیر احمد شاہ، مسرت عالم بٹ، الطاف احمد شاہ، شاہد الاسلام، پیر سیف اللہ ، مشتاق الاسلام ، معراج الدین کلوال، نعیم احمد خان اور فاروق احمد ڈار کے گھروں میں گئے ۔

انہوں نے اس موقع پر اپنی گفتگو میں کہا کہ نظر بندوں کو تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے جبکہ اکثر نظر بند مختلف طرح کے عوارض میں مبتلا ہیں۔ انہوںنے کہا کہ عدالتوں کی طرف سے کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ منسوخ کیے جانے کے بعد نظر بندوں کو رہا نہیں کیا جاتا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے شبیر احمد شاہ، الطاف احمد شاہ، شاہد الاسلام اور دیگر کی نئی دلی منتقلی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان سے مقبوضہ وادی میں ہی پوچھ تاچھ کی جاسکتی تھی جبکہ ان کی دلی منتقلی قطعی طور پر بلا جواز، غیر جمہوری اور سیاسی انتقام کے سوا کچھ نہیں ۔

نظر بند افراد کے اہل خانہ نے کہا کہ ان کی اپنے پیاروں کے ساتھ ملاقات نہیں کرائی جاتی جبکہ علالت کے باوجود نظر بندوں کو طبی سہولت سے محروم رکھا جا رہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :