مقبوضہ کشمیر کے نظربندوں کو ذہنی تشدد کا نشانہ بنایاجارہا ہے ،مشترکہ حریت قیادت

شہادتوں پر بیروہ میں ہڑتال کی گئی

بدھ 16 اگست 2017 17:56

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2017ء) مقبوضہ کشمیر میں مشترکہ مزاحمتی قیادت نے کہا ہے کہ نئی دلی میں قائم بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے گرفتار کیے گئے کشمیری حریت رہنمائوںکو جیلوں اور حراستی مراکز میں ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حریت رہنمائوں کی قید تنہائی کی شدید مذمت کی۔

انہوںنے کہاکہ شبیر احمد شاہ، ایاز محمد اکبر، شاہد الاسلام ، فاروق احمد ڈار، الطاف احمد شاہ، معراج الدین کلوال، پیرسیف اللہ اور نعیم احمد خان کوغیر انسانی سلوک کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

حریت قیادت نے شبیر شاہ کو ادویات کی عدم فراہمی اور انہیں نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں جرائم پیشہ افراد کے ساتھ نظربند رکھنے پر بھی تشویش ظاہر کی ۔

حریت رہنمائوںنے آسیہ اندرابی ،فہمیدہ صوفی، مشتاق الاسلام ، مسرت عالم بٹ ، مولانا سرجان برکاتی اوردیگرنظربندوںکے ساتھ روا رکھے جانیوالے سلوک کی بھی مذمت کی ۔ ادھر این آئی اے نے بھی سرینگر ، بارہمولہ اور ہندواڑہ کے متعدد علاقوں میں چھاپے مارے۔ بھارتی پولیس نے دختران ملت کی جنرل سیکرٹری ناہیدہ نسرین اور اسلامک پولیٹیکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش کو سرینگر میں انکے گھروں پر چھاپوں کے دوران گرفتار کر لیا۔

تحریک حریت جموںوکشمیر نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں پارٹی رہنمائوں محمد اشرف صحرائی اور محمد اشرف لایہ کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے علیل رہنمائوں کو بلا جواز طور پر بند کر رکھا ہے ۔ بیان میں عمر عادل ڈار کی گرفتاری کی بھی مذمت کی گئی۔ بھارتی فوجیوں کی بلا اشتعال فائرنگ سے چار نوجوانوں کی شہادت کی برسی پر آج ضلع بڈگام کے علاقے آری پانتھن میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔

علاقے میں تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل تھی ۔ محمد اشرف وانی، منظور احمد لون، جاوید احمد نجار اور جاوید احمد شیخ 16اگست 2016کو قابض فوجیوں کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہو گئے تھے۔ تاخیر سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جموں خطے کے بڑے قصبوں میں گزشتہ روز بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر بھر پور طریقے سے منایا گیا ۔ مسلم برادری کے ارکان نے بھارتی یوم آزادی کی تقریبات کا بائیکاٹ کیا اور کشتواڑ ، بھدرواہ، ڈوڈہ، ٹھاٹھری، گھاٹ اور گندو کے علاقوں میں اپنی دکانیں بند رکھیں۔

متعلقہ عنوان :