Live Updates

مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو نظر ثانی اپیل کے نتائج کا ادراک تھا اس کے باوجود عدالت عظمیٰ میں گئے ، حلقہ این اے 120 میں کلثوم نواز بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گی، مریم نواز نے این اے 120 میں کامیابی سے جس طرح انتخابی مہم چلائی ہے انہیںمبارکباد پیش کرتا ہوں ، لاہور، ملتان کے وکلاء اور بینچ کے درمیان واقع کو ہمارے ساتھ جوڑا گیا جو درست نہیں ، حدیبیہ پیپرز ملز کے مقدمہ کو دوبارہ کھولنا غیر قانونی ہے،سپریم کورٹ کے نظر ثانی کی درخواست پر مختصر فیصلہ سے ایک بار پھر نواز شریف اور ان کے خاندان کو انصاف نہیں مل سکا، عدلیہ کے وقار کو تحفظ دینا حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے ، ہمیں ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے، ملک ادارہ جاتی محاذ آرائی کامتحمل نہیں ہو سکتا، عمران خان کو الیکشن کمیشن اور عدالتوں کا مذاق نہیں اڑانا چاہیے

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیاسے گفتگو

جمعہ 15 ستمبر 2017 17:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو نظر ثانی اپیل کے نتائج کا ادراک تھا لیکن اس کے باوجود عدالت عظمیٰ میں گئے ، مریم نواز نے این اے 120 میں کامیابی سے انتخابی مہم چلائی ہے جس پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں ، لاہور، ملتان کے وکلاء اور بینچ کے درمیان واقعے کو ہمارے ساتھ جوڑا گیا جو درست نہیں ، حدیبیہ پیپرز مل کے مقدمہ کو ری اوپن کرنا غیر قانونی ہے ۔

جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ آج سپریم کورٹ نے نظر ثانی کی درخواست پر مختصر فیصلہ سنیایا ہے ، جس سے ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور ان کے خاندان کو انصاف نہیں مل سکا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہاکہ 28 جولائی کے عوامی فیصلہ اور جے آئی ٹی کی تشکیل کے طریقہ کار پر ہمارے تحفظات رہے ہیں، ہمیں نظر ثانی کی اپیل کے نتائج کا پہلے ہی کچھ نہ کچھ اندازہ تھا ،جب نظر ثانی اپیل کی سماعت کے لئے تین رکنی بینچ بنا تو ہم نے استدعا کی کہ 5رکنی بینچ بنایا جائے ، ہمارا مقصد تھا فیصلے میں جو خلاء رہ گیا ہے اس کی اصلاح ہو سکے ۔

خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ جب بد قسمتی سے ملتان اور لاہور کے کچھ وکلاء نمائندوں اور بینچ اور بار میں افسوسناک واقعہ رونما ہوا، حکومت نے قانون کے مطابق عدلیہ کو تحفظ دیا تاہم بعض لوگوں نے اس واقعہ کو ہمارے ساتھ جوڑا جو درست نہیں ہے جبکہ ایسی اطلاعات بھی ملی ہیں کہ جج صاحبان کو رپورٹ دی گئی کہ ان وکلاء کو کسی حکومتی شخصیت کی حمایت حاصل ہے، اس شخصیت نے اپنی پوزیشن کو واضح کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جو واقعہ جسٹس سجاد علی شاہ کے دور میں ہوا وہ حملہ نہیں تھا لیکن مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو شاہراہ دستور پر نہیں آنا چاہیے تھا میں اس کے حق میں نہیں تھا ۔ عدلیہ کے وقار کو تحفظ دینا حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے، ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو اداروں کو غلط رپورٹس دیتے ہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ بد قسمتی سے سیاستدانوں نے ایک دوسرے پر الزامات لگائے ہیں ۔

ہمیں ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے، ملک ادارہ جاتی محاذ آرائی کامتحمل نہیں ہو سکتا، وہ لوگ جوکمروں میں بیٹھ کر سوچتے ہیں کہ جمہوریت منہدم ہو جائے اور ٹیکنو کریٹس کی حکومت آجائے وہ اپنے خیالات جھٹک دیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم اپنی بات کرتے رہیں گے، کوئی نہ ہم کو روک سکتا ہے اور نہ روک سکے گا۔ سعد رفیق نے کہاکہ ایک ایسے وقت جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان کے بارے میں ایک خوفناک بیان دے چکے ہیں پالیسی سازوں کو اس بارے میں سوچنے کی کوشش ضرور کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں میں نواز شریف کی مقبولیت کم نہیں ہوئی بلکہ زیادہ ہوئی ہے ۔ حلقہ این اے 120 میں کلثوم نواز بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گی، مریم نواز میری چھوٹی بہن ہیں ان کو شاباش دیتا ہوں۔ انہوں نے الیکشن مہم کی قیادت کی ہے، مریم نواز نے ذمہ داری اور وقار کے ساتھ ہم کو آگے بڑھایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ عدالتی فیصلہ سمجھا جاتا ہے۔

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو الیکشن کمیشن اور عدالتوں کا مذاق نہیں اڑانا چاہیے۔ انہیں ہمارے قائد نواز شریف کی پیروی کرکے الیکشن کمیشن اور عدالتوں میں پیش ہونا چاہیے ۔ ایسا قت نہیں آنا چاہیے کہ گرفتاری کی نوبت آئے، انہیں الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کرناچاہیے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میں نے سیاسی مخالفین کو کہا تھا ہم چنے نہیں جنہیں آسانی سے چبایا جاسکتا ہے۔

نواز شریف جیل ، طیارہ کیس اور جلاوطنی جیسے مقدمات کاسامنا کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حدیبیہ پیپر ملز کا کیس ری اوپن ہونا غیر قانونی ہے اس مقدمے پر پہلے ہی ہائی کورٹ فیصلہ دے چکی ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ چوہدری نثار بڑے سینئر لیڈر ہیں ان سے ہمیشہ رہنمائی لی جاتی ہے ۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات