مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر سیاسی و اقتصادی وجوہات کے باعث عالمی اداروں کی خاموشی دوغلا پن ہے، فرخ عامل

جمعرات 21 ستمبر 2017 21:37

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2017ء) اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پاکستان کے مستقل نمائندہ فرخ عامل نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر سیاسی اور اقتصادی وجوہات کے باعث عالمی اداروں کی خاموشی دوغلے پن کا اظہار ہے،دوغلے پن کے اس عملی اظہار سے انسانی حقوق کے علمبرداروں کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔

پاکستان کے مسقل نمائندہ نے جمعرات کو عام بحث میں اظہار خیال کرتے ہوئے کونسل کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا انسانی حقوق کونسل کو فکر ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کیا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا یہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کریگی یا صرف تقریریں سنیں گی۔ فرخ عامل نے کہا کہ خود بھارت کے انسانی حقوق کے سر گرم کارکن آکار پٹیل نے اعتراف کیا ہے کہ حقیقت میں انصاف تک رسائی سے نہ صرف مقبوضہ جموں و کشمیر بلکہ بھارت بھر میں انکار کیا جا تا ہے لیکن جموں و کشمیر میں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت انصاف تک رسائی کے تمام راستے مسدود کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں جس کی ضمانت اقوام متحدہ کی سلا متی کونسل کے قراردادوں میں دی گئی ہے لیکن ستر سال گزرنے کے باوجود اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا ہے۔پاکستانی مندوب نے عالمی برادری پر زور دیا کہ بے یار و مدد گار کشمیریوں کا ساتھ دیں اور بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے زبردستی روکیں اور یہی کونسل قائم کرنے کا مقصد بھی تھا۔

متعلقہ عنوان :