سازشوں سے عوام کے دلوں سے نواز شریف کی محبت کو نہیں نکالا جاسکتا‘ راجہ منیب ٹھاکر

پیر اکتوبر 15:01

اسلام گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 اکتوبر2017ء) کوآرڈی نیٹر وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ منیب ٹھاکرنے کہا ہے کہ سازشیں اور اوچھے ہتھکنڈے عوام کے دلوں سے میاں نواز شریف کی محبت کو نہیں نکال سکتے ہیں۔آزاد کشمیر میں صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کے ویژن کے مطابق تعمیر وترقی کا عمل جاری ہے۔تارکین وطن بلا خوف وخطر آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کریں مسلم لیگ ن کی حکومت تارکین وطن کو بھرپور تخفظ فراہم کریگی۔

ماضی کی حکومتوں کی کوتاہیوں اور غلطیوں کو سدھارنے میں مصروف ہیں اور ایسا نظام لا رہے ہیں جس میں غریب اور امیر کے ساتھ مساوی سلوک کیا جا سکے۔آزاد کشمیر بھر میں ڈئیلاسیز مشینوں کی فراہمی،این ٹی ایس ٹیسٹ کا نفاذ،فیملی کورٹس کا قیام،وزیر اعظم کمیونٹی انفراسٹریکچر پروگرام کے تحت میرٹ اور گڈگورننس کا بول بالا کر نے کے ساتھ ساتھ آزاد ریاست کے اندر تعمیر وترقی کا پہیہ تیزی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

عوام کی معاشی خوشخالی اور خطے کو سیاحت کے لئے پرکشش بنانے کے لئے ن لیگ کی حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ن لیگ ناٹنگھم برطانیہ کے رہنما چوہدری معروف حسین اور اسلام گڑھ جرنلسٹ فورم کے صدر خالد محمودمغل سے ایک ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر چوہدری معروف حسین نے کہا کہ مسلم لیگ ن تحریک آزادی کشمیر کی روح رواں ہے اور مسلم لیگ ن میاں نوازشریف نے ہر دور میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بھرپو رحمایت کی ہے۔

مقبوضہ وادی میں سات لاکھ سے زائد بھارتی افواج کی تعیناتی اور بدترین ریاستی مظالم کے باوجود بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے پائے ناز میں زرا سی بھی لغزش نہیں آئی بلکہ تحریک آزادی کشمیر پہلے سے زیادہ جذبہ آزادی کے ساتھ جاری ہے۔اوورسیز کشمیری تحریک آزادی کشمیر کے روح رواں اور تحریک کے سفیر ہیں اور بھارتی مظالم کو پوری دنیا کے اندر بے نقاب کرنے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ میاں نواز شریف این اے 120کے الیکشن میں عوامی عدالت سے سرخرو ہو چکے ہیں اور انشاء الله بہت جلد دوبارہ وزیر اعظم پاکستان بنیں گے۔ن لیگ کا ایجنڈا ہی عوامی خوشخالی اور خطے کی تعمیر وترقی ہے۔وزیر اعظم کمیونٹی انفراسٹریکچر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت آج آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبہ جات زمین پر نظر آرہے ہیں۔انہوںنے راجہ منیب ٹھاکر کو وزیر اعظم کا ڈی پی او بننے پر مبارک باد پیش اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوںنے ایک شیر کارکن کو ایڈجسٹ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :