بیرسٹر سلطان کا یورپ میں کشمیر ویک منانے کا اعلان کر دیا

ستر سالہ تحریک میں کشمیرویک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ،یورپ ، امریکہ اور ساری انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ کشمیر کی جانب مبذول کرائی جائیگی، صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر

پیر 16 اکتوبر 2017 19:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2017ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے یورپ میں کشمیر ویک منانے کا اعلان کر دیا ہے جو 27 اکتوبر کو برلن ملین مارچ پر اختتام پذیر ہوگا۔ پروگرام کے مطابق ہفتہء کشمیر کاآغازبیرسٹر سلطان محمود چوہدری 22 اکتوبر کو برمنگھم میں برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کے بڑے جلسہ عام سے خطاب کرکے کریں گے۔

جبکہ 23 اکتوبر کووہ برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے۔ اسی طرح 24 اکتوبر کو آزاد کشمیر کے یوم تاسیس کے موقع پر برسلز پارلیمنٹ میں ایک تقریب منعقد ہوگی اور اس تقریب میں یورپی پارلیمنٹ، بیلجئم پارلیمنٹ اور برسلز پارلیمنٹ کے ممبران اور سینیٹرز کے علاوہ دانشور وں کو بھی آزاد کشمیر حکومت کے بنیاد رکھنے پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری بریفنگ دیں گے۔

(جاری ہے)

جبکہ 25 اکتوبر کو بیرسٹر سلطان محمود چوہدری انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس کے سامنے مظاہرہ کرکے کلبھوشن کی پھانسی کی سزا کی بحالی کا مطالبہ کریں گے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی پرعالمی عدالت انصاف کی توجہ مبذول کرائی جائے گی۔ جبکہ 26 اکتوبر کو وہ جرمن پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے۔ جبکہ 27 اکتوبر کو برلن ملین مارچ کیا جائے گا جو کہ دیوار برلن سے شروع ہو کر جرمن چانسلر کی رہائشگاہ تک جائے گا۔

اس بات کا اعلان انھوں نے آج یہاں اسلام آباد میں پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹیریٹ میں سینئر اخبار نویسوں اور دانشوروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ ستر سالہ تحریک میں کشمیرویک ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور اس سے ایک تاریخ رقم ہو گی۔ اس سے نہ صرف یورپ ، امریکہ اور ساری انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مبذول کرائی جائے گی اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے زور دیا جائے گا۔

مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی ریاستی دہشتگردی کو ہر فورم پر بے نقاب کیا جائے گا اور برلن ملین مارچ اور لائن آف کنٹرول میں مماثلت کی وجہ سے انٹرنیشنل کمیونٹی کو بتایا جائے گا کہ جس طرح یورپ دو حصوں میں تقسیم تھا اسی طرح جرمنی بھی دو حصوں میں منقسم تھا اور اسی طرح کشمیری بھی لائن آف کنٹرول کی وجہ سے تقسیم ہیں ہم دنیا پر واضح کریں گے کہ اب وہ وقت آنے والا ہے کہ لائن آف کنٹرول کو بھی اسی طرح روند دیا جائے جس طرح جرمنوں نے دیوار برلن کو توڑ کر یورپ اور جرمنی کو یکجا کر دیا تھا اور آج یورپ کے تمام ممالک یورپی یونین کی صورت میں ایک ہو چکے ہیں۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ برلن ملین مارچ کی جو سیاسی جماعتیں حمایت کررہی ہیں میں انکا شکریہ ادا کر تا ہوں اور جو یورپ سے لوگ برلن ملین مارچ میں شریک ہو رہے ہیں اس سے ایک تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے۔برلن ملین مارچ میں صرف آزاد کشمیر کا جھنڈا ہو گا اور صرف کشمیرکے نعروں پر مشتمل بینرز ، اسٹیکرز اور پلے کارڈز ہونگے۔لہٰذا اسے کامیاب کرنے کے لئے تمام کشمیری و پاکستانی میدان عمل میں نکل پڑیں۔

متعلقہ عنوان :