محمدنوازشریف نے ملک میں جمہوری اقدار کو پروان چڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ، چوہدری محمد برجیس طاہر

جمہوری تسلسل کوجاری رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں بروقت انتخابات کرائے جائیں مسلم لیگ(ن) کی یہ حکومت اپنی معینہ مدت مکمل کرکے ملک میں جمہوریت کے تسلسل کو برقرار رکھے گی، وفاقی وزیر برائے امور کشمیر

منگل 7 نومبر 2017 18:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2017ء) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ محمدنوازشریف نے ملک میں جمہوری اقدار کو پروان چڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور اُن کی قیادت میں ملک میں جمہوریت کی جڑیں انتہائی مضبوط ہو ئی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ چند سالوں میں گو کہ ملک میں جمہوریت کے عمل کو ڈی ریل کرنے کے لیے عمران خان جیسے سازشی عناصر نے دھرنوں اور لاک ڈاون جیسے ہتھکنڈوں کا سہارا لیا لیکن محمدنوازشریف کی ثابت قدمی کے باعث ملک میں جمہوریت کا تسلسل جاری ہے ۔

انہوںنے کہاکہ ملک میں جمہوری تسلسل کوجاری رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں بروقت انتخابات کرائے جائیں اور اس ضمن میں تمام سیاسی جماعتوںکو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

اُنہوںنے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کی یہ حکومت اپنی معینہ مدت مکمل کرکے ملک میں جمہوریت کے تسلسل کو برقرار رکھے گی اور انتخابات اپنے وقت پر کرائے جائیں گے۔انہوںنے کہاکہ جو عناصر بروقت انتخابات کے راستے میں رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں وہ نہ تو ملک میں جمہوری اقدار سے مخلص ہیں اورنہ ہی ملک کی ترقی وخوشحالی سے مخلص ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) ایک قومی اکثریتی جماعت ہے جس کی آزادکشمیر،گلگت بلتستان،پنجاب اور بلوچستان میں حکومت قائم ہے ۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمدنوازشریف نے ملک میں جمہوری اقدارکو مضبوط کرنے کے لیے خیبر پختونخواہ اور سندھ میں تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا اور کبھی بھی ان صوبوں میں کسی قسم کی عدم اعتمادکی تحریک کی کوشش نہیں کی۔

انہوںنے کہا کہ جمہوریت کے اسی تسلسل کو قائم رکھنے اور قانون وآئین کی بالادستی کی خاطر محمدنوازشریف شدید ترین تحفظات کے باوجود عدالتوں کے سامنے پیش ہو رہے ہیں تاکہ ملک میں جمہوری عمل کو نقصان نہ پہنچے۔ انہوںنے کہا کہ 2013 سے اب تک ہونے والی ترقی ملک میں جمہوری عمل کے مرہون منت ہے جس کے نتیجے میں آج خنجراب تا گوادرامن کی فضا قائم ہو چکی ہے توانائی بحران تقریباً ختم ہو چکا ہے اور ملک کی معاشی ترقی کی تعریف بین الاقوامی سطح پر بھی کی جارہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کا مستقل صرف اور صرف جمہوریت سے وابستہ ہے جس کی مضبوطی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا اور پاکستان کے آئندہ انتخابات کو اپنے وقت پر کرانے کو یقینی بنانا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :