وزیر اعظم اور آرمی چیف کے ایل او سی دورے اور متاثرین کے مسائل کیلئے اقدامات پر شکرگزار ہیں، راجہ فاروق حیدر

آزادکشمیر کے لوگوں کے حوصلے بلندہوئے ہیں، وزیراعظم آزاد کشمیر نصاب تعلیم کو درست کر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں، تقریب سے خطاب

ہفتہ 11 نومبر 2017 18:44

پلندری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2017ء) وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان اور آرمی چیف کے لائن آف کنٹرول پر دورے اور متاثرین کے مسائل کیلئے اقدامات پر شکرگزار ہیں جس سے آزادکشمیر کے لوگوں کے حوصلے بلندہوئے ہیں۔نصاب تعلیم کو درست کر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں تاکہ اپنے اسلاف کی قربانیوں سے نئی نسل کو آگاہ کیا جاسکے۔

کرنل محمد خان مرحوم عظیم آدمی تھے ۔آئین و قانون پر عملدرآمد کے حوالے سے مجھے کسی طاقتور کی حمایت درکارنہیں ، جس دن تقدیر میں جانا لکھا ہوا اس دن کوئی روک نہیں سکتا مگر لوگوں کو انصاف کی فراہمی اور برابری کی بنیاد پر ترقی و روزگار کے مواقعوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔

(جاری ہے)

اپوزیشن والے بلاوجہ اچھل کود نہ کریں ،تنقید کرنے والے زبان میں نرمی رکھیں،بات مجھے بھی کرنی آتی ہے ۔

میں نے اگر بات کی تو بہت سارے لوگوں کا پول کھل جائیگا۔ میرے منہ میں بھی زبان ہے مگر یہ وقت اپوزیشن کی تنقید کا جواب دینے کا نہیں۔تحریک آزادی کشمیر ہم سب کے متفقہ کردار کی متقاضی ہے ۔ ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان میری کابینہ میں لائق وزیر ہیں جو انتہائی محنت اور جانفشانی سے کام کررہے ہیں ۔ ان خیالات اظہارانہوں نے فاتح پونچھ کرنل محمد خان کی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سالار جمہوریت سردار سکندرحیات خان، وزیر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی خان، وزیر خوراک سید شوکت شاہ، ڈپٹی سپیکر سردار فاروق احمد طاہر، سینئر مشیر حکومت خان بہادر خان، ممبر کشمیر کونسل عبدالخالق وصی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سابق وزیر اعظم سردار سکندر حیات خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ 1836سے تحریک آزادی شروع ہوتی ہے ، ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کو بھولنا نہیں چاہیے۔

عسکری طورپ آزادی دلوانے میں ضلع پونچھ کو کلیدی کردار ہے ۔ کرنل خان محمد عظیم انسان تھے ہم ان کی خاک کے برابر نہیں ، ان کا میرے والد کے ساتھ ذاتی تعلق تھا۔ آج کل نئی نسل کو معلومات نہیں ،یہاں کسی نے شہدائے منگ کا ذکر نہیں کیا ، پونچھ کی سرزمین شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین ہے۔وزیر اعظم آزادکشمیر کے علم میں ہے کہ جب مسلم لیگ کے اجلاس میں آزادکشمیر کا وفد گیا تو ان کے پاس اس وقت دینے کیلئے رجسٹریشن فیس نہیں قائد اعظم نے اپنی جیب سے و ہ فیس ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ حقائق کا پتا ہونا چاہیے آج لوگوں کو اپنے آبائو اجداد کی قربانیوں کا علم نہیں ۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں اپنے اکابرین کو یاد کرنااور ان پر فخر کرناچاہیے ۔ پلندری کے ساتھ میرا قریبی تعلق ہے ، میرے والد یہاں گرفتار ہوئے اور میری پیدائش کی خبر بھی ان کو پلندری جیل میں دی گئی۔ کرنل محمد خان ایک ریفارمر تھے انہوں نے انجمن اسلامیہ بنائی۔

میں آزادکشمیر کی ساری سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں سے کہتا ہوں کہ ہمیں آپس میں تقسیم نہیں ہونا چاہیے ، وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری حکومت نے تحریک آزادی کشمیر ، گڈ گورننس کے قیام اور آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی کیلئے نمایاں کارنامے سرانجام دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پلندری کے لوگوں نے یہاں سے دارالخلافہ مظفرآباد بھیجا۔آج کوئی غسل خانہ دوسری جگہ منتقل نہیں کرنے دیتا۔ سیاسی زعما اپنے محدود مفادات کیلئے قوم کو نظریاتی طور پر تقسیم کرنے کے بجائے اجتماعی مفاد کی خاطر اکھٹا کریں ۔ شہدائے منگ، شہدائے تھوراڑاور شہدائے پونچھ ہماری تاریخ کی روشن مثالیں ہیں ۔

متعلقہ عنوان :