آزادی کی جدوجہد ہو یا جمہوریت کی بقاء کی جنگ پونچھ کے لوگوں نے ہمیشہ بنیادی کردار ادا کیا ہی,راجہ فاروق حیدر خان

پیر 13 نومبر 2017 19:39

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2017ء) وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزادی کی جدوجہد ہو یا جمہوریت کی بقاء کی جنگ پونچھ کے لوگوں نے ہمیشہ بنیادی کردار ادا کیا ہے ۔جو قومیں اپنے محسنوں کو یاد نہیں رکھتی ان کی آزادی زیادہ دیر تک برقرار نہیں رہتی ۔ انہوں نے کہا کہ پندرہ اگست 1947کو یہاں کے لوگوں نے مہاراجہ کے خلاف جس بغاوت کا اعلان کیا اس کے نتیجہ میں ملنے والی آزادی کی وجہ سے میں بھی آج آزادکشمیر کا وزیرا عظم ہوں ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے دار لجہاد (سیاسی ٹیکری) راولاکوٹ میں میموریل کانفرنس کے زیر اہتمام میوزیم کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب کی صدارت سابق صدر آزادکشمیر سردار محمد انور خان نے کی جبکہ اسپاس نامہ میموریل کانفرنس کے صدر سردار عبدالخالق خان ایڈووکیٹ نے پیش کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں سابق اسپیکر اسمبلی سردار سیاب خالد خان، سابق وزیر حکومت سردار طاہر انور ، ممبر کشمیر کونسل سردار عبدالخالق وصی ، ضلعی صدر مسلم لیگ ن سردار اعجاز یوسف خان، سدھن ایجوکیشن کانفرنس کے صدر سردار محمد صدیق خان، سابق معاون خصوصی ڈاکٹر حلیم خان، پیر محمد حسین قادری کائناتی قلندری سجادہ نشین دربار عالیہ دوتھان شریف سمیت سابق سیکرٹریز حکومت ، انتظامیہ کے آفیسران ، مقامی صحافیوں ، مختلف سیاسی سماجی تنظیموں کے عہدیداران نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

تقریب میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سردار ساجد خورشید خان اور سردار اظہر خان نے باری باری انجام دیئے ۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے تقریب سے خطاب کرتے کہا کہ اس خطہ کے لوگوں نے 1832سے لے کر 1949تک تحریک آزادی کیلئے تسلسل سے قربانیاں دیں یہ خطہ آزاد کروانے میں پونچھ کے لوگوں کا بنیادی کردار ہے ۔ جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کا تسلسل آج بھی جاری ہے ۔

انہوں نے کہاکہ آج بھی شہدا کے مشن کی تکمیل ہمارے ذمہ باقی ہے ۔آزادکشمیر کے لوگوں اور ملت اسلامیہ پاکستان کے لوگوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے اپنا کردار اد اکریں تاکہ شہدا کا مشن مکمل ہو کر تکمیل پاکستان ہو سکے ۔انہوںنے کہا کہ آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ کیلئے سیاحتی مقامات پر 195کلومیٹر سڑک بنائی جائے گی آزادکشمیر میں ٹور ازم کا فروغ یہاں سے بیرو ز گاری کے خاتمے میں بنیادی کردار ادا کرے گا ۔

انہوں نے دارالجہاد راولاکوٹ میں قائم یاد گار میوزیم اور لائبریری کیلئے حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ اس تاریخی مقام کو بنانے کیلئے حکومت آزادکشمیر اپنا بھرپور حصہ ڈالے گی ۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو اپنے اسلاف کے کارناموں سے روشناس کروانے کیلئے اس طرح کی یاد گارکی تعمیر احسن قدم ہے ۔اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آزادکشمیر میجر جنرل (ر) سردار محمد انور خان نے کہا کہ جو قومیں اپنی آزادی کو برقرار رکھنا چاہتی ہیں یا آزاد ی حاصل کرنا چاہتی ہیں ان پر لازم ہے کہ وہ خون کا نذرانہ دینے والوں کا خیال رکھیں اگر ہم اپنے شہدا کا خیال نہ رکھیں گے تو ہماری آزادی زیادہ دیر تک برقرار نہیں رہے گی ۔

انہوں نے کہا کہ یہا ںکے لوگوں نے اپنے سے کئی گنا طاقتور دشمن کو ناکوں چنے چبوائے ۔میوزیم کی افتتاحی تقریب سے قبل وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے دار الجہاد روڈ کا افتتاح بھی کیا ۔

متعلقہ عنوان :