پورا آزادکشمیر اقتصادی راہداری منصوبہ سے مستفید ہوگا،راجہ محمد فاروق حیدر خان

میرپور منگلا مانسہرہ مظفرآباد ایکسپریس وے کی تعمیر پر 300ارب روپے لاگت آئے گی اور اس کی تعمیر سے معاشی ، اقتصادی ،سیاحتی ترقی کی راہیں کھلیں گی،اجلاس سے خطاب

منگل 21 نومبر 2017 18:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2017ء) وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی تقدیر بدلے گااور آنے والی نسلیں اس کے ثمرات سے مستفید ہو گی۔ صدر پاکستان مسلم لیگ ن وسابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے شکرگزار ہیں جنہوں نے سی پیک میں آزادکشمیر کو شامل کیا۔

وزیر اعظم پاکستان باالخصوص وزیر منصوبہ بندی و ترقیات کا شکریہ اداکرتا ہوں جنہوں نے نظریاتی ،معاشرتی اور معاشی اور اہم معاملہ پر حکومت آزادکشمیر اور کشمیریوں کو خصوصی اہمیت دیتے ہوئے ہمارے اہم منصوبہ جات سی پیک میں شامل کیے ہیں ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر ساتویں سی پیک جائنٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ،وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری ،وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ چھٹے سی پیک جائنٹ ورکنگ اجلاس میں دوانتہائی اہم منصوبہ جات جن میںمیرپورمنگلا مانسہرہ مظفرآباد ایکسپریس وے کی تعمیراور آزادکشمیر میں خصوصی اقتصادی زون کو شامل کیے جانے کی منظوری دی گئی۔ میرپور منگلا مانسہرہ مظفرآباد ایکسپریس وے کی تعمیر پر 300ارب روپے لاگت آئے گی اور اس کی تعمیر سے معاشی ، اقتصادی ،سیاحتی ترقی کی راہیں کھلیں گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر کی طرف سے آزادکشمیر میں بجلی کے ڈسٹربیوشن نیٹ ورک کی بہتری ، بھمبر میں پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کا قیام، 48میگا واٹ کے شونٹر ہائیڈرل پاور پراجیکٹ کی سی پیک میں شمولیت کیلئے پیش کرتے ہیں۔یہ منصوبہ جات آزادکشمیر کے اندر اہم اہمیت کے حامل ہیں اور سی پیک کے معیار پر پورا اترتے ہیں ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آج پورا پاکستان سی پیک کے ثمرات سے مستفید ہونے جارہا ہے ، ون روڈ ون بیلٹ منصوبہ ایک تاریخی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جس کا کریڈٹ مسلم لیگ ن کی حکومت کو جاتا ہے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ میرپورمنگلا مانسہرہ مظفرآباد ایکسپریس وے کی تعمیر اندرون آزادکشمیر فاصلوں کو سمیٹ دے گی اور مظفرآباد سے میر پور سفر کی مسافت نصف سے زیادہ کم ہوگی۔ یہ شاہراہ 5سال میں مکمل ہوگی جس پر 300ارب روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے اندر مواصلاتی شعبہ میں ایک بہت بڑا انقلابی پراجیکٹ ہے ، بھمبر اقتصادی زون کی تعمیر کیلئے فزیبلٹی کی تیاری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور اخبار میں اس حوالے سے باضابطہ طور پر اشتہار دے دیا گیاہے ۔ پورا آزادکشمیر اقتصادی راہداری منصوبہ سے مستفید ہوگا۔

متعلقہ عنوان :