Live Updates

ایک اور این آر او لانے کی کوشش کی جارہی ہے، ا یساکچھ کیا گیا تو سڑکوں پر ہوں گے، عمران خان

اسحاق ڈار پاکستان اور دبئی میں اور امریکا میںسعید شیخ نواز شریف کا فرنٹ مین ہی ہے،جب اسحاق ڈار اسکوٹر پر پھرتا تھا تو میں اس وقت لندن میں فلیٹ لے رہاتھا،نوازشریف قوم کو پاگل سمجھتا ہے،حدیبیہ پیپر ملز پر جے آئی ٹی میں کئی چیزیں نکل آئی ہیں، اگر ثبوت نکل آئے تو کیس دوبارہ کھل جاتا ہے، دونوں باپ بیٹی صرف سپریم کورٹ کو نشانہ بنارہے ہیں، سپریم کورٹ کو یقین دلاتا ہوں پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے ،پاناما اور اقامہ کرپشن کے پہاڑ کا ایک چھوٹا سے حصہ ہیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 29 دسمبر 2017 17:20

ایک اور این آر او لانے کی کوشش کی جارہی ہے، ا یساکچھ کیا گیا تو سڑکوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 دسمبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ایک اور این آر او لانے کی کوشش کی جارہی ہے، این آر او دینے کی کوشش کی گئی تو سڑکوں پر ہوں گے،اسحاق ڈار پاکستان اور دبئی میں نواز شریف کے فرنٹ مین ہیں، امریکا میں ان کا فرنٹ مین سعید شیخ ہے،جب اسحاق ڈار اسکوٹر پر پھرتا تھا تو میں اس وقت لندن میں فلیٹ لے رہاتھا،نوازشریف قوم کو پاگل سمجھتا ہے،حدیبیہ پیپر ملز پر جے آئی ٹی میں کئی چیزیں نکل آئی ہیں، اگر ثبوت نکل آئے تو کیس دوبارہ کھل جاتا ہے، دونوں باپ بیٹی صرف سپریم کورٹ کو نشانہ بنارہے ہیں، سپریم کورٹ کو یقین دلاتا ہوں پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہیپاناما اور اقامہ کرپشن کے پہاڑ کا ایک چھوٹا سے حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان نے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو سابق وزیراعظم نواز شریف کا فرنٹ مین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک پورا مافیا ہے۔ انہوں نے کہا اسحاق ڈار پاکستان اور دبئی میں نواز شریف کے فرنٹ مین ہیں، جنہیں ملک سے نکالنے کے لیے شاہد خاقان عباسی کا جہاز دیا گیا، جبکہ امریکا میں ان کا فرنٹ مین سعید شیخ ہے۔

جب اسحاق ڈار اسکوٹر پر پھرتا تھا تو میں اس وقت لندن میں فلیٹ لے رہاتھا۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ اسحاق ڈار کی ایک کمپنی ایچ ٹی ایس کے دبئی میں 52 ولاز ہیں اور ترکی، عمان، سوئٹزرلینڈ اور انگلینڈ سے بھی اسحاق ڈار کی کمپنی میں پیسے آرہے ہیں۔ کمپنی میں دیگر ملکوں سے بھی پیسے آرہے ہیں، اس کا مطلب یہ ہے کہ دیگر ملکوں میں بھی کمپنیاں ہیں۔

عمران خان نے اسحاق ڈار کے استعفی کے بعد نئے وزیر خزانہ کی تقرری نہ ہونے پر کہا کہ حکومت نے نیاوزیر خزانہ نہیں بنایا بلکہ ایڈوائزر لگادیا ہے۔انہوں نے کہا ایل این جی کا کنٹریکٹ 15 ارب ڈالر کا ہے اور کہا جارہا ہے کہ ایل این جی کنٹریکٹ کنفیڈنشل کنٹریکٹ ہے۔ انہوں نے سوال کیا، کیا پبلک کے پیسے پر بھی کوئی کنفیڈنشل کنٹریکٹ ہوتا ہی ،عمران خان نے کہا ان کو ڈر ہے کہ ان کا باقی پیسا جو دیگر ملکوں میں ہے وہ سارا پتا چل جائے گا، یہ ایک پورا مافیا ہے، یہ سب آپس میں ملے ہوئے ہیں اور انہوں نے ادارے تباہ کردیئے ہیں لیکن اب چیزیں سامنے آرہی ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا،نوازشریف قوم کو پاگل سمجھتا ہے، آج ان کے ولاز ہیں اور میرے پاس لندن کا فلیٹ بھی نہیں ہے جبکہ میں نے 40 سال پرانے کنٹریکٹ دکھائے اور یہ بھی بتایا کہ فلیٹ کیسے بکا۔عمران خان نے کہا کہ اقامہ منی لانڈرنگ کا ایک طریقہ ہے جبکہ اصل منی ٹریل حدیبیہ پیپر ملز کیس ہے۔انہوں نے کہا حدیبیہ پیپر ملز پر جے آئی ٹی میں کئی چیزیں نکل آئی ہیں، اگر ثبوت نکل آئے تو کیس دوبارہ کھل جاتا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے نواز شریف کی اپنی نااہلی کے خلاف شروع کی گئی تحریک پرکہا کہ جس طرح عدلیہ پر حملے ہو رہے ہیں تو توہین عدالت کا قانون ختم کردیں، کیا یہ قانون صرف کمزوروں کے لیے ہی'انہوں نے سابق وزیراعظم اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ باپ بیٹی صرف سپریم کورٹ کو نشانہ بنارہے ہیں کیونکہ ان کے خلاف فیصلہ آیا ہے، میں سپریم کورٹ کو یقین دلاتا ہوں کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

عمران خان نے سوال کیا، سپریم کورٹ کیوں ان کے دبا ئو میں آرہی ہی ساتھ ہی عمران خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا، انہیں آج اعتراض ہے کہ انہیں بچانے کے لیے فوج نے مددکیوں نہیں کی۔انہوں نے کہا یہ اپنی چوری بچانے کے لیے ملک کو تباہ کرنے کو تیار ہیں، لیکن مجھے عوام پر اعتماد ہے کیونکہ عوام کو شعور ہے۔شہباز شریف کو اگلا وزیراعظم بنانے کے اعلان کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے کہا، 'موروثی سیاست یہ ہوتی ہے کہ نواز شریف گیا تو شہباز شریف آجائے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے گذشتہ روز سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر کہا تھا کہ وہ پریس کانفرنس میں بتائیں گے کہ کس طرح شریف خاندان نے دولت لوٹی اور بیرون ملک منتقل کی۔ اپنے پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ پاناما اور اقامہ کرپشن کے پہاڑ کا ایک چھوٹا سے حصہ ہیں۔یاد رہے کہ پاناما کیس کے فیصلے میں نوازشریف کو نااہل قرار دیا گیا جس کے باعث وہ رکن قومی اسمبلی اور وزارت عظمی سے سبکدوش ہوگئے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات