مقبوضہ کشمیر: قابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کو سرینگر میں سیمینار کے انعقاد سے روک دیا گیا

یوم حق خود ارادیت کے موقع پر بڑاکریک ڈائون آپریشن ،متعدد حریت رہنمااور کارکن گرفتار

جمعرات 4 جنوری 2018 20:34

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جنوری2018ء) مقبوضہ کشمیر میںقابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کو یوم حق خود ارادیت کے حوالے سے سرینگر میں ایک سیمینار کے انعقاد سے روک دیا۔ میڈیا پورٹس کے مطابق’’حق خود ارادیت کی روشنی میں تنازعہ کشمیر کا حل‘‘ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد جمعرات کو سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کی رہائش گاہ پر ہونا تھا۔

قابض انتظامیہ نے جمعرات کو صبح سویرے سید علی گیلانی کی رہائش کے باہر بھارتی پولیس اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد تعینات کر دی جنہوں نے سمینار میں شرکت کیلئے آنے والوں کو گھر کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی۔ دریں اثنا قابض انتظامیہ نے آج جمعہ کو منائے جانے والے یوم حق خود ارادیت کے سلسلے میں آزادی پسند رہنمائوں اور کارکنوں کی نظر بندی او ر گرفتاری کا ایک بڑا آپریشن بدھ کے روز شروع کر دیاتھا۔

(جاری ہے)

حریت رہنمائوں اور کارکنو ں کی گرفتاری کا مقصد انہیں یوم حق خود ارادیت کے حوالے سے منعقد ہونے والے پروگراموں میں شرکت سے روکنا ہے۔ میر واعظ عمر فاروق کو گھر میں نظر بند کر دیا گیا ہے جبکہ محمد یاسین ملک کو آبی گزر میں قائم اپنے دفتر سے گرفتار کر سینٹرل جیل سرینگر منتقل کیا گیا۔ پولیس نے بلال صدیقی ، غلام احمد گلزار،محمد یوسف نقاش، سید امتیاز حیدر، گلزار احمد بٹ، محمد یاسین عطائی اور مولوی بشیر احمد سمیت کئی حریت رہنمائوں اور کارکنوں کو گرفتار کر کے مختلف تھانوں میں نظر بند کر دیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی کو کٹھ پتلی انتظامیہ نے 2010سے گھر میں نظر بند رکھا ہے جبکہ تحریک حریت کے جنرل سیکرٹری محمد اشرف صحرائی بھی سرینگر کے علاقے باغات میں اپنے گھر میں نظر بند ہیں۔یاد رہے کہ کشمیری ہر سال 5جنوری کو ’ یو م حق خود ارادیت ‘ مناتے ہیں ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے 1949میں اس روز ایک قرار داد پاس کی تھی جس میں وعدہ کیا گیا تھا کہ کشمیریوں کو حق خورادیت کے ذریعے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع دیا جائے گا۔