ْبھارت کا یوم جمہوریہ کشمیر یوں کیلئے مزید مشکلات اور مصائب کا باعث بنتا ہے، فاروق رحمانی

بھارت کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی تحریک کوجبر و استبداد کے ذریعے دبانے کی کوشش کر رہا ہے، بیگناہ گناہ شہریوں کے قتل ، محاصروں، پابندیوں اور حریت رہنمائوں کی غیر قانونی نظر بندی قابل مذمت ہے،چیئرمین جموں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ

جمعہ 26 جنوری 2018 19:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2018ء) جموںوکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ گناہ شہریوں کے قتل ، محاصروں، پابندیوں اور حریت رہنمائوں کی غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت کا یوم جمہوریہ ہربرس کشمیر یوں کیلئے مزید مشکلات اور مصائب کا باعث بنتا ہے کیونکہ اس موقع پر قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں نام نہاد سیکورٹی کے نا م پر محاصروں ، تلاشیوں اور حریت رہنمائوں اور کارکنوں سمیت عام کشمیریوں کی گرفتاری کا سلسلہ تیز کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے جموںوکشمیر کے ایک بڑے حصے پر طاقت کے بل پر قبضہ کر رکھا ہے لہٰذا کشمیری بھارتی یوم جمہوریہ کو ہربرس یوم سیاہ کے طورپرمناتے ہیں۔

(جاری ہے)

محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ اکتوبر 1947میں ڈوگرہ مہاراجہ کی طرف سے بھارت کے ساتھ نام نہاد الحاق کی طرح بھارتی آئین بھی 26جنوری 1950کو کشمیر میں جبری طور پر لاگو کیا گیا۔انہوںنے کہا کہ بھارت خود تنازعہ کشمیر اقوام متحدہ میں لے گیا تھا جس نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حوالے سے کئی قراردادیں پاس کیں لیکن وہ ان قراردادوں پر عمل درآمد کے بجائے اپنا آئین کشمیریوں پر مسلط کرنے اور انکی حق خود ارادیت کی تحریک کوجبر و استبداد کے ذریعے دبانے کی کوشش کر رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ ستر برس کے دوران لاکھوں کشمیریوں کو شہید کیااور اب بھی اس بات کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے کہ وہ پاکستان اور کشمیریوں کے ساتھ بات چیت کے ذریعے تنازعہ کشمیر کے ایک پر امن حل پر آمادہ ہے ۔محمد فاروق رحمانی نے بھارتی فوجیوںکے ہاتھوں بدھ کے روز ضلع شوپیاں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوں اور ہندواڑہ قتل عام کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :