لاہور ،ٹرمپ کی دھمکیوں کی وجہ دہشت گردی نہیں سی پیک ہے،صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی

امریکہ اور بھارت سی پیک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں،افغانستان امریکہ کے لئے ویت نام ثابت ہو گا،سیکریٹری جنرل جمعیت علماء پاکستان

اتوار 28 جنوری 2018 20:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جنوری2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ ٹرمپ کی دھمکیوں کی وجہ دہشت گردی نہیں سی پیک ہے۔ امریکہ اور بھارت سی پیک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ افغانستان امریکہ کے لئے ویت نام ثابت ہو گا۔ سیاسی استحکام کے بغیر ترقی اور امن ممکن نہیں۔

تمام سیاسی جماعتیں آئین کی حکمرانی ، قانون کی بالادستی، ووٹ کے تقدس اور عوام کے حق حاکمیت کے ایجنڈے پر متحد ہو جائیں۔ حکومت گرانے کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔

(جاری ہے)

قوم آئندہ الیکشن میں دینی جماعتوں کو کامیاب کرے تاکہ نظام مصطفے کی حکمرانی قائم ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ حکومت کی آئینی مدت پوری ہونے سے جمہوریت مضبوط ہو گی۔

طویل مدت کی نگران حکومت اور ٹیکنوکریٹس گورنمنٹ کی سازشیں دم توڑ چکی ہیں۔ سینٹ الیکشن کے لئے خرید و فروخت کا بازار سجانے والے قومی مجرم ہیں۔ راؤ انوار کے سیاسی سرپرستوں کو بھی پکڑا جائے۔ کابل میں دہشت گردی کی نئی لہر تشویشناک ہے۔ امریکہ افغانستان میں ناکام ہو چکا ہے اور اپنی ناکامی کا ملبہ پاکستان پر گرانا چاہتا ہے۔