عوام نے دھرنے اور انتشار کی سیاست مسترد کردی ،گزشتہ چار سال میں ملک میں جمہوریت کو تقویت ملی، مریم اورنگزیب

نواز شریف کے ویژن کے مطابق ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہورہا ہے، دہشت گردی کی وجہ سے ملک چھوڑ کر جانے والے اب وطن واپس لوٹ رہے ہیں ، نواز شریف نے اقتدار نہیں اقدار کی سیاست کی،نوازشریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا توانائی بحران سے نکالا اور موٹر ویز کا تحفہ دیا، موٹر ویز کی وجہ سے پچاس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئی اور سی پیک کا منصوبہ شروع ہوا ،ملک میں معاشی ترقی کا سفر جاری ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب دیگر صوبوں کے لئے مثال ہیں،صحافیوں کا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قربانیاں اور اہم کردار ہے‘ موٹر ویز کے باعث 50ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئی ‘ سی پیک منصوبہ شروع ہوا‘ نواز شریف کے وژن کے مطابق ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہورہا ہے وزیر مملکت اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کا پریس کلب حافظ آباد کے نو منتخب عہد یداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب

بدھ 31 جنوری 2018 22:45

عوام نے دھرنے اور انتشار کی سیاست مسترد کردی ،گزشتہ چار سال میں ملک ..
حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 جنوری2018ء) وزیر مملکت اطلاعات ونشریات مریم اورنگ زیب نے کہاہے کہ انتشار پھیلانے اور دھرنے کی سیاست کو عوام نے مسترد کردیا ہے گزشتہ چار سال میں ملک میں جمہوریت کو تقویت ملی،محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہورہا ہی دہشت گردی کی وجہ سے ملک چھوڑ کر جانے والے اب وطن لوٹ رہے ہیں ملک بھر میں صحت کارڈ پروگرام شروع کیا گیا ہے، نواز شریف نے اقتدار کی نہیں بلکہ اقدار کی سیاست کی،انہوں نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا توانائی بحران سے نکالا اور موٹر ویز کا تحفہ دیا، موٹر ویز کی وجہ سے پچاس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئی اور سی پیک کا منصوبہ شروع ہوا ،ملک میں معاشی ترقی کا سفر جاری ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف دیگر صوبوں کے لئے مثال ہیں،صحافیوں کا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قربانیاں اور اہم کردار ہے‘ موٹر ویز کے باعث 50ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئی ‘ سی پیک منصوبہ شروع ہوا سابق وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک نے ہر شعبہ میں مثالی ترقی کی اور انکے ویژن کے تحت آرمڈفورسز اور قانون نافذ اداروں کے تعاون سے وفاقی حکومت نے دہشت گردی کا بڑی حد تک خاتمہ کر دیاہے،سولہ سولہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے قوم کو نجات مل گئی ہے اور ساڑھے چارسالوں میں 11ہزار میگا واٹ بجلی کے نئے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں ، سی پیک منصوبے کے ذریعے ملک میں 50ارب ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری ہوئی ہے جبکہ نواز شریف کے مخالفین نے ماسوائے دھرنوں ،انتشار اور افرا تفری پھیلانے کے کچھ نہیں کیا ، کے پی کے میں 2013میں شروع ہونے والا کو ئی ایک منصوبہ بھی مکمل نہیں ہوا جبکہ سندھ کے عوام پنجاب کی مثالی ترقی سے متاثر ہو کر شہباز شریف جیسے وزیر اعلی کی دعا مانگ رہے ہیں انہوں نے کہاکہ ملکی تعمیروترقی ،خوشحالی اور قومی یکجہتی کے فروغ میں پاکستانی پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا بڑا مثبت اور قابل ستائش کردارادا کر رہاہے اور حکومت آزادی صحافت پر پختہ یقین رکھتے ہو ئے صحافیوں سے یہ توقع رکھتی ہے کہ وہ ملکی مفاد ات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی غیر جانبددرانہ اور ایماندارانہ ادائیگی کو ہمیشہ مقدم رکھیں گے ۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو یہاں پریس کلب حافظ آباد کے نو منتخب عہد یداروں کی تقریب حلف برداری میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہی تھیں ۔وفاقی وزیر صحت محترمہ سائرہ افضل تارڑ ،ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید ،وائس چیئرمین ضلع کونسل رائے قمر الزمان کھرل ،چیئرمین میونسپل کمیٹی حاجی جمشید عباس تھہیم،مرکزی انجمن تاجران کے ضلعی صدر شیخ محمد امجد،ڈسٹرکٹ بار کے صدرصفوان عباس بھٹی،جنرل سیکرٹری عمر خضر ہنجرا ،سرکاری افسران ،عوامی نمائیندوں ،صحافیوں اور معززین کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی ۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ریاست کا چوتھا اہم ستون ہونے کے ناطے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی اہمیت مسلمہ ہے اور اس سے وابستہ افراد پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ خبر کی تصدیق ضرور کر لیا کریں۔انہوں نے کہاکہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہونے کے ناطے تمام معاشرتی خوبیوں اور خامیوں کی زیادہ بہتر انداز میں عکاسی کر سکتے ہیں ۔اور صحافتی حقائق کے آئینہ میں سرکاری ادارے ،سیاست دان اور عوامی خدمت پر مامور افسران اپنی کارکردگی میں بہتری لاتے ہوئے روز مرہ مسائل کے حل کو یقینی بناسکتے ہیں ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ آج حافظ آباد میں تعلیم ،صحت اور سماجی شعبوں میں نظر آنے والی بہتری میں ایک بڑا ہا تھ میڈیا کا بھی ہے جس نے ہمیشہ انکی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے عوام کو در پیش مسائل کی غیر جانبدارانہ نشان دہی کی ۔انہوں نے کہاکہ انکے قائد نواز شریف کا دل حافظ آباد کے عوام کے ساتھ ہی دھڑکتا ہے اور وہ خادم پنجاب محمد شہباز شریف کی بھی بالخصوص شکر گزار ہیں جنہوں نے ضلع کی تعمیروترقی کے لئے ہمیشہ دل کھول کر فنڈز فراہم کئے انہوں نے کہا کہ آج سرکاری ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی کارکردگی پنجاب کے دیگر اضلاع کے ہم پلہ بلکہ ان سے بہتر ہوئی ہے جس کا اعتراف صوبائی سطح پر بھی کیا جاچکاہے انہوں نے کہاکہ آئیندہ الیکشن میں عوام انکو ووٹ دیں جہنوں نے ساڑھے چار سال دل وجان سے خدمت کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب چیئرمین پریس کلب حاجی امجد پرویز چٹھہ نے کہا کہ وہ دوستوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں یہ اعزاز بخشا ۔انہوں نے کہاکہ ضلع کی بہتری اور ترقی کے لئے پریس کلب اپنی روایات کی پاسداری کرتے ہوئے اپنا تعاون جاری رکھے گا اور مثبت ،تعمیری تنقید کے ذریعے اداروں کی کارکردگی میں نکھار کا فرض بھی بلا خوف وخطر اداکریگا ۔

انہوں نے وزیر مملکت مریم اورنگ زیب اور وفاقی وزیر صحت کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے پریس کلب اور صحافیوں کی فلاح وبہبود کے حوالہ سے گرانٹ کا مطالبہ کیا جس پر وزیر مملکت نے کہا کہ وفاقی وزیر صحت جتنا فنڈ کہیں گی وہ پریس کلب کو فراہم کردیں گی جبکہ انہوں نے پریس کلب کے لئے جدید کمپیوٹر ز کی فراہمی کا بھی اعلان کیا ۔اس موقع پر انہوں نے استقبالیہ وانتظامیہ کمیٹیوں کے چیئرمین امتیاز احمد تاج اور حامد تسکین حجازی کو بھی بہترین انتظامات پر خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب میں وزیر مملکت برائے اطلاعات نے نو منتخب چیئرمین حاجی امجد پرویز چٹھہ ،صدر رانا محمد ارشد انجم ،وائس چیئرمین عابد پھلروان ،جنرل سکریٹری حافظ محمد عزیزالرحمن ،جوائنٹ سکریٹری علی ناصر ،فنانس سکریٹری ملک حامد رضا ،سکریڑی اطلاعات محمد دصدیقی جبکہ آفس سکریڑی ندیم عباس گجر سے انکے عہدوں کا حلف لیا سابق چیئرمین پریس کلب حاجی شفقت حسین تارڑ اور سکریٹر ی جنرل ملک ہمایوں شہزاد نے نو منتخب عہدہ داروں کو مبارکباد دیتے ہوئے انکے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہاکہ انہوں نے صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے اور وہ اس عرصہ کے دوران ملنے والے تعاون پر دوستوں کے مشکور ہیں ۔