عوام ہر سال کشمیریوں کے ساتھ یوم اظہار یکجہتی منا کر تحریک آزادی کشمیر کو مزید مضبوط بناتے ہیں، راجہ محمدفاروق حیدرخان

مقبوضہ کشمیر میں لوگ جو قربانیاں دے رہے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی،میاں صاحب نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت دنیا کے ہر بڑے فورم پر کشمیریوں کی بھرپور نمائندگی کی ہے،خطاب

پیر 5 فروری 2018 19:17

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2018ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر وصدر مسلم لیگ ن راجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقد ہونے والا جلسہ سرکاری نہیں بلکہ مسلم لیگ ن کے کارکنوں کا جلسہ ہے ، ہم پاکستان کی عوام اور حکومت کے شگرگزار ہیں کہ وہ ہر سال کشمیریوں کے ساتھ یوم اظہار یکجہتی منا کر تحریک آزادی کشمیر کو مزید مضبوط بناتے ہیں ۔

مقبوضہ کشمیر میں لوگ جو قربانیاں دے رہے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔ میاں صاحب آپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت دنیا کے ہر بڑے فورم پر کشمیریوں کی بھرپور نمائندگی کی ہے ۔ وہ پیر کے روز یہاں یونیورسٹی گرائونڈ میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر ایک ہی جسم کا حصہ ہیں ، کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ۔

5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر میاں محمد نواز شریف کا دورہ آزادکشمیر تحریک آزادی میں نئی روح پھونکے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگ لائن آف کنٹرول پر کھڑے پاک فوج کے ساتھ پہر ہ دے رہے ہیں اگر بھارت نے آزادکشمیر پر بری نگاہ ڈالی تو اسے اس کا قبرستان بنا دینگے۔ راجہ فاروق حیدرخان نے کہا کہ آزادکشمیر کے لوگ نوازشریف سے بے پناہ محبت کرتے ہیں ،وزارت عظمیٰ سے ہٹنے کے بعد نواز شریف یہاں کے عوام میں زیادہ مقبول ہوئے ہیں ۔

راجہ فاروق حیدرخان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی، گڈ گورننس اور میرٹ کی بحالی کیلئے دلیرانہ فیصلے کیے اور ان فیصلوں پر عملدرآمد کے نتیجے میں یہاں کے لوگ مثبت تبدیلی محسوس کررہے ہیں ۔ مسلم لیگ ن یہاں کے عوام کی خدمت جاری رکھے گی اور مقبوضہ کشمیر میں اپنے بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گی ۔

انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت کے تسلط سے آزاد ہو کر پاکستانی قوم کے ساتھ آزاد فضائوں میں سانس لے سکیں گے۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پاکستان مسلم لیگ ن و سپیکر آزاد جموں وکشمیر قانون سازاسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا کہ آج کے جلسہ سے مقبوضہ کشمیر میں پیغام جائیگا کہ پاکستان مسلم لیگ ن ہی قائد اعظم کی محافظ ہے ۔

موجود میں موجود ایک ایک کارکن نواز شریف کا نظریاتی ساتھی ہے اور انشاء اللہ ان کے پائیہ استقلال میں کمی نہیں آئے گی ۔ مسلم لیگ ن آزادکشمیر آپ کے ویژن کے مطابق آپ کے ساتھ کھڑی ہے ،یہ لوگ آ پ سے امیدیں رکھتے ہیں جس طرح آپ نے آزادکشمیر کی تعمیر وترقی کیلئے فراخدلانہ فنڈز دیے ہیں یہ قوم آپ کی شکرگزار ہے ۔ شا ہ غلام قادر نے سابق وزیر اعظم و قائد مسلم لیگ ن کو وادی نیلم کا جلسہ کرنے کی دعوت دی۔

متعلقہ عنوان :