بالاکوٹ کی مقامی عدالت نے سید عباس شاہ کے خلاف دائر مقدمہ کا 22 سال بعد فیصلہ سنا دیا

مقامی پولیس نے تاریخی پارک ہوٹل کی اراضی واگزار کروا کر مدعی مقدمہ کے وارثان کے حوالہ کر دی لله

پیر 5 مارچ 2018 22:03

بالاکوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2018ء) بالاکوٹ کی مقامی عدالت نے سابق وفاقی وزیر سید قاسم شاہ کے بڑے بھائی سید عباس شاہ کے خلاف مدعی مقدمہ کے فوت ہونے اور مقدمہ دائر ہونے کے 22 سال بعد فیصلہ سنا کر بذریعہ عدالتی بیلف اور مقامی پولیس تاریخی پارک ہوٹل کی اراضی واگزار کروانے کا حکم دیدیا۔ عدالتی حکم پر ایس ایچ او بالاکوٹ نے نفری اور عدالتی بیلف کے ہمراہ بھاری مشینری کے ذریعہ اراضی واگزار کروا کر مدعی مقدمہ کے وارثان کے حوالہ کر دی۔

تفصیلات کے مطابق بالاکوٹ کی معروف سیاسی شخصیت علی اصغر خان ولد شیر خان نے بالاکوٹ کے موضع گرلاٹ میں تاریخی پارک ہوٹل کی اراضی ایک معاہدہ کے تحت سابق وفاقی وزیر سید قاسم شاہ اور ان کے بڑے بھائی سید عباس شاہ کو دی تھی۔

(جاری ہے)

مدعی مقدمہ کے وارثان کے مطابق سابق وفاقی وزیر سید قاسم شاہ اور ان کے بھائی معاہدہ کی پاسداری میں ناکام رہے جس پر ان کے والد علی اصغر خان ولد شیر خان نے سید عباس شاہ ولد غلام احمد شاہ سکنہ کیوائی کے خلاف کھاتہ نمبر 1136/1576 اراضی خسرہ نمبر166،167 سال 1996ء میں سول جج بالاکوٹ کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا۔

مقدمہ کی سماعت مقامی عدالت کے بعد ہائی کورٹ تک زیر سماعت رہا، بعد ازاں مقدمہ واپس لوئر کورٹ کو بھیجا گیا۔ عدالت نے مدعی مقدمہ علی اصغر خان ولد شیر خان کی2001ء میں فوت ہونے کے بعد ان کے ورثاء توقیر اصغر خان وغیرہ کی جانب سے پیروی مقدمہ ہونے پر تقریباً 18 سال بعد مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے اپنے حکم میں واضح کیا ہے کہ موضع گرلاٹ میں کھاتہ نمبر1136/1576 اراضی خسرہ نمبر 166،167 چونکہ مدعیان کی مشترکہ ملکیت ہے اس لئے بذریعہ پولیس و عدالتی بیلف کی12 مرلہ اراضی کا قبضہ مدعی مقدمہ کے وارثان کے حوالہ کیا جائے اور بیلف وارنٹ دخل برائے علامتی قبضہ کی کاپی عدالت ہذ میں چسپاں کرے اور ایک کاپی وارنٹ دخل اراضی متدعویہ میں نظر گاہ عام پر چسپاں کرے۔

عدالتی حکم کے بعد ایس ایچ او بالاکوٹ جاوید خان نے نفری اور عدالتی بیلف کے ہمراہ موقع پر جا کر بذریعہ ہیوی مشینری کے پلاٹ ہموار کروا کر قبضہ مدعی مقدمہ کے وارثان توقیر اصغر خان و دیگر کے حوالہ کر دیا۔

متعلقہ عنوان :