خلیفہ اول سیدنا صدیق اکبرؓ کادور خلافت مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے،متحدہ علماء محاذ

یمن ،فلسطین، کشمیر،شام میں مظالم کے خلاف جذبہ صدیق اکبرؓ بیدار کرنے کی ضرورت ہے،مقررین یوم صدیق اکبرسیمینار حکومت و اسلامی اتحاد کے سربراہ جنر ل ر احیل شریف سعودی ایران کے مابین تنازعات کے حل کے لیے مصالحانہ کردار ادا کریں،متفقہ قرارداد میںمطالبہ

اتوار 11 مارچ 2018 17:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2018ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیر اہتمام یوم صدیق اکبرؓ کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ گلشن اقبال میں خسر رسولؐ یار ِ غار و مزارخلیفہ بلافصل سیدنا صدیق اکبرؓ سیمینارمیں شریک مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ ،دینی اداروں کے سربراہان وسیاسی زعماء نے کہا ہے کہ صدیق اکبرؓ کادور خلافت مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔

کٹھن حالات میں صدیق اکبرؓ نے منکرین زکوٰة اور باغیان ختم نبوتؐ کی سرکوبی کرکے دین محمدیؐ کی حفاظت فرما کر قیامت تک کے لئے منکرین زکوٰة و منکرین ختم نبوتؐ کا سد باب کردیا۔صدیق اکبرؓ کی صحابیت نص قطعی قرآن سے ثابت ہے جس کا انکار صریح کفر ہے۔ آپ کی خلافت کو نبی کریمﷺ نے خیرالقرون سے تعبیر فرمایا اور فرمایا کہ میں نے دنیا میں تمام لوگوں کے احسانات کا بدلہ اتاردیاہے سوائے ابوبکرؓ کے اس کے احسان کا بدلہ صرف اللہ تعالیٰ روز قیامت اتاریں گے۔

(جاری ہے)

علماء نے کہا کہ موجودہ استعماری سازشوں کو کچلنے کے لئے صدیق اکبرؓ کے کردار کو اپنایاجائے۔ یمن ،فلسطین، کشمیر،برما،شام،عراق میں مظالم کے خلاف جذبہ صدیق اکبرؓ بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔حضرت ابوبکر صدیقؓ وحدت امت اور امن و یکجہتی کی علامت ہیں۔سیمینار میں متفقہ قرارداد میں مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کیاگیا کہ وہ باہمی تنازعات کے حل کے لئے مصالحاتی و ثالثی فورم تشکیل دیں تاکہ امریکہ ،اسرائیل، بھارت اور سامراجی سازشیں ناکام اور یمن ،فلسطین ،کشمیر ،شام میںجاری مظالم کا خاتمہ ہوسکے۔

قرارداد میں حکومت پاکستان اور اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ عالم اسلام کے عظیم مفاد میں سعودی ایران کے مابین تنازعات کے منصفانہ پائیدار حل کے لیے مصالحانہ کردار ادا کریںتاکہ امریکی استعماری و طاغوتی قوتوں کا خلیج کے تیل کے ذخائر پر تسلط و قبضہ کا خواب چکناچور ہوسکے ۔اور قبلہ اول بیت المقدس اور جنت نظیر کشمیر کی آزادی کی منزل قریب ہوسکے۔

سیمینار سے علامہ مرزایوسف حسین، علامہ علی کرارنقوی،سیداظہر عباس زیدی نے کہا کہ سیدنا صدیق اکبرؓ کا سنہری دورِ خلافت مشعل راہ ہے۔ خلفائے راشدین کا تقدس و احترام لازمی ہے۔پاکستان میںاصحاب رسولؐ و اہل بیت اطہارؓ کے عقیدت مند سنی و شیعہ استحکام پاکستان و امن و یکجہتی کے قیام اور فرقہ واریت ، دہشت گردی کے خلاف متحد ہیںسیمینار سے مہمان خصوصی مولانا قاری اللہ داد، محمداسلم غوری، علامہ ازہر ہمدانی، مولانا جعفرالحسن تھانوی، علامہ عبدالخالق فریدی،مولانا محمدامین انصاری، علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، مولانا سلیم اللہ ترکی، مفتی محمد بخاری،مفتی ساجد یار خان، مفتی وجیہہ الدین، علامہ اختر محمدی، علامہ روشن دین الرشیدی، مفتی عبدالمجید اشرفی، ڈاکٹر حافظ محمد جمیل بندھانی، مطلوب اعوان قادری ، علامہ شاہ فیروزالدین رحمانی، محمد شکیل قاسمی، محمد شکیل خان، صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی نے بھی خطاب کیا جبکہ معروف نعت خواں حافظ مظہر الدین اشرفی، قاری انوار حمیدی، سید معاذ علی نظامی نے شان ابوبکر صدیقؓ میں منقبت پیش کی۔