حلقہ کے عوام کے مسائل سے بخوبی واقف ہوں،بلا تفریق عوامی مسائل حل کررہا ہوں، سردار محمد یوسف

موٹر وے، سوئی گیس، بجلی و پانی سمیت دیگر منصوبے ہماری حکومت کے کارنامے ہیں،عوام مخالفین کے پراپیگنڈے پر کان نہ دھریں، تقریب سے خطاب

پیر 26 مارچ 2018 22:48

مانسہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2018ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ این اے 20میرا گھر ہے، پورے حلقے کے عوام کے مسائل سے بخوبی واقف ہوں، بلا تفریق عوامی مسائل حل کررہا ہوں، موٹر وے، سوئی گیس، بجلی و پانی سمیت دیگر منصوبے ہماری حکومت کے کارنامے ہیں۔وفاقی وزیر مذہبی امور نے یہ بات پیر کو جالگلی جھنگڑی سڑک کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

سردار محمد یوسف نے کہا ہمارا مقصد یہ ہے کہ ہم اتحاد و اتفاق سے رہیں، ہم ایک کشتی کے سوار ہیں، کشتی میں اگر سوراخ ہو جائے تو کشتی ڈوب جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ لوگ اتحاد و اتفاق برقرار رکھیں گے، ہماری کامیابی بھی اسی میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن 2018ء سر پر آن پہنچا ہے، الیکشن ایک حلقہ کا نہیں بلکہ پورے ضلع کا ہے، دو قومی اور پانچ صوبائی اسمبلی کی نشستیںہیں، آپ لوگوں کی مشاورت سے ہمیشہ فیصلے کئے ہیں، اتحاد و اتفاق کی وجہ سے تمام برادریوں کے لوگ ہمارے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں این اے 20 میرا گھر ہے اور میں پورے حلقے کے عوام کے مسائل بے بخوبی واقف ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ میں بلاتفریق عوامی مسائل حل کر رہا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے 1979ء سے جالگلی جامعہ مسجد سے اپنی سیاست کا آغاز کیا تھا، ہر گائوں سے چیدہ چیدہ لوگوں نے ابتداء کی تھی، اخلاص سے قدم آگے بڑھائے تھے اور چھ دفعہ کامیاب ہوئے اور آج بھی ہر گائوں سے نمائندہ لوگ موجود ہیں، ان بزرگوں کیلئے دعا کریں جنہوں نے اس مقصد میں قربانیاں دیں اور حج انتظامات میں بہتری لائی گئی اس کا ثواب بھی انہیں پہنچے گا ۔

انہوں نے کہا کہ پہاڑوں کی چوٹیوں پر سڑکیں، بجلی، سکول، پانی اور صحت کی سہولیات پہنچائی ہے، چھوٹے موٹے اربوں روپے کے منصوبے ہر یو سی کو دیئے ہیں، ضلع میں95 فیصد بجلی میں موجود ہے، تمام کچی سڑکوں کو پختہ کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مخالفین طرح طرح کے پراپیگنڈے کریں گے لیکن عوام کسی کے پراپیگنڈے پر کان نہ دھریں، ہر شخص اپنی اپنی ذمہ داریاں پورے کر کے مشن کو آگے بڑھائے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ناظم سردار سید غلام، ڈسٹرکٹ ممبر حاجی سردار عبدالقدیر، ویلج ناظمین، حاجی محمد یوسف، سردار محمد اشرف، سردار ساجد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔