ایس این جی پی ایل کی طرف سے کئی گنا اضافی بل بھجوانے پر صنعتکاروں کی تنقید

منگل 17 اپریل 2018 16:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) فیروز پور روڈ انڈسٹریل اینڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن (فروا)کے چیئرمین اور ایوان صنعت و تجارت لاہور کے سابق ایگزیکٹو ممبر میاں عبدالرزاق نے ایس این جی پی ایل کی جانب سے فیروز پور روڈ کے صنعتکاروں کو سوئی گیس کے کئی گنا اضافی بل بھجوانے پر شدید تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسے فوری طور پر واپس لیا جائے بصورت دیگر صنعتکار شدید احتجاج کریں گے۔

صنعتکاروں کے ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے میاں عبدالرزاق نے کہا کہ ایس این جی پی ایل صنعتوں کو تباہ کرنے کے درپے ہے، پچھلے تین ماہ کے بلوں آر ایل این جی کا ریٹ لگاکر یکمشت صنعتکاروں کو بل بھجوادئیے گئے ہیں حالانکہ سوئی گیس کی نسبت آر ایل این جی تقریباً 122فیصد مہنگی ہے ۔

(جاری ہے)

میاں عبدالرزاق نے کہا کہ یہ سراسر ناانصافی ہے، پچھلے تین ماہ کے دوران صنعتکاروں نے سوئی گیس کی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے برآمدی سودے کیے تھے لیکن ایس این جی پی ایل نے حقائق کا ادراک کیے بغیر بلوں میں ایک تہائی اضافہ کرکے صنعتکاروں کو تباہ کرنے کی بنیاد رکھ دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنعتکار وں کو پہلے ہی مشکلات کا سامنا ہے اور ایس این جی پی ایل سوئی گیس کے بھاری بل بھجواکر جلتی پر مزید تیل چھڑک رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پر زور دیا کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور ایس این جی پی ایل کو اضافی بلز واپس لینے کے احکامات صادر کریں۔