سعد رضوی ابھی تک مفرور ہے، بہت جلد ٹریس کرکے قانون کے کٹہرے میں لائیں گے

سعد کو اگر گولی لگی ہے تو بتائیں علاج کرائیں گے، ٹی ایل پی کے پاس لوگوں کی اموات کے ثبوت ہیں تو پیش کرے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہورفیصل کامران

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 14 اکتوبر 2025 23:55

سعد رضوی ابھی تک مفرور ہے، بہت جلد ٹریس کرکے قانون کے کٹہرے میں لائیں ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 14 اکتوبر 2025ء ) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا ہے کہ سعدرضوی منہ پر کپڑا ڈال کرنکلا، بہت جلد ٹریس کرکے قانون کے کٹہرے میں لائیں گے، سعد رضوی پولیس کی حراست میں نہیں ابھی تک مفرورہے۔انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعد رضوی کی ویڈیو دیکھی ہو گی جس میں منہ پر کپڑا ڈال کر نکل گیا، ٹیکنیکل چیزوں کے ساتھ سعد رضوی کی لوکیشن ٹریس کرلی گئی ہے، کس کے پاس ٹھہرا، وہاں سے آگے کہاں گیا، یہ ساری جگہیں ٹریس ہوگئی ہیں، سعدرضوی کو بہت جلد ٹریس کرکے قانون کے کٹہرے میں لائیں گے، جس کی وجہ سے جانیں گئیں، پولیس والے زخمی ہوئے، سرکاری املاک کا نقصان ہوا، راہگیروں کی موت ہوئی، بہت جلد سعد رضوی قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

(جاری ہے)

سعد رضوی ابھی بھی مفرور ہے پولیس کی حراست میں نہیں ہے ،ہم ان سے جواب لیں گے کہ کون سا ایجنڈا تھا جس کی وجہ سے ملک میں انتشار پھیلایا گیا۔ سعدرضوی اگر زخمی ہیں تو آئیں ہم ان کا علاج کروائیں گے، ٹی ایل پی کے پاس ہر چیز کی ویڈیو ہے، اگر سعد رضوی زخمی ہیں تو دکھائیں، ان کا سرکاری ہسپتال میں حکومت خود علاج کرائے گی، ٹی ایل پی لوگوں کی اموات کا دعویٰ کرتی ہے ثبوت پیش کرے، پولیس نے محدود پیمانے پر کاروائی ضرور کی ہے اگر سامنے سے سیدھی گولیاں آئیں گی تو پھر پولیس خاموش نہیں بیٹھ سکتی۔

شہزاد ایس ایچ او کا بیٹا اور بیٹی ہے، وہ کیا کہیں گے کہ ان کا والد پرامن احتجاج میں شہید ہوا؟یہ جب سے احتجاج کررہے ہیں سب سے پہلے نجی پراپرٹی ، پیٹرول پمپس کو قبضے میں لیتے ہیں، اینٹوں کی ٹرالیاں روک کر کوٹ کر پتھر بناتے ہیں، کیلو ں والے ڈنڈے غلیل ہوتے ہیں، لوگوں کی گاڑیاں چھین لیتے ہیں، سرکاری محکموں کی گاڑیاں ہیں، جن کو چھینا گیا۔

60پولیس اہلکار ایسے ہیں جو معذور ہوچکے ہیں۔ ٹی ایل پی جھوٹ بولنے اور پرتشدد احتجاج کرنے کی ماہر ہے، پتا نہیں کہاں سے ٹریننگ لیتے ہیں،احتجاج شروع ہونے سے پہلئے ان سے میری بات چیت ہوئی کہ احتجاج کا ایجنڈا کیا ہے؟ فلسطین کا معاملہ تو حل ہوچکا ہے۔ان سے کہا گیا کہ مت کریں ، اگر احتجاج کرنا ہے تو لاہو رمیں ریلی نکال لیں، لیکن سعدرضوی نے کہا ہم اسلام آباد امریکی سفارتخانے جائیں گے، ہم جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں، ان کو عادت پڑی ہوئی تھی ہمیشہ ریاست ان کے آگے جھکتی تھی، وہی چیز جب احتجاج شروع ہوا تو تشدد شروع ہوا، اینٹوں کی ٹرالی ، پی ایس او کا ٹینکرساتھ چل رہا تھا تاکہ تیل لیتے رہیں، ان کے فالورز بہت سادہ لوگ ہیں، یہ اس طرح کی باتیں کرکے لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں۔