پاکستان اور انڈیا سمیت انسانی حقوق کونسل کے 14 نئے ارکان کا انتخاب

یو این بدھ 15 اکتوبر 2025 00:45

پاکستان اور انڈیا سمیت انسانی حقوق کونسل کے 14 نئے ارکان کا انتخاب

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 15 اکتوبر 2025ء) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پاکستان اور انڈیا سمیت 14 ممالک کو تین سال کے لیے کونسل برائے انسانی حقوق کا رکن منتخب کر لیا ہے۔

یہ کونسل اقوام متحدہ کے نظام میں ایک بین الحکومتی ادارہ ہے جو 47 ریاستی ارکان پر مشتمل ہے۔ اس کا مقصد دنیا بھر میں تمام انسانی حقوق کا تحفظ کرنا اور انہیں فروغ دینا ہے۔

کونسل میں 14 خالی نشستوں پر 14 ممالک امیدوار تھے جن کے نام اور انہیں حاصل ہونے والے ووٹ درج ذیل ہیں۔

افریقی گروپ سے چار ممالک کا انتخاب عمل میں آیا جن میں انگولا (179 ووٹ)، مصر (173 ووٹ)، ماریشس (181 ووٹ) اور جنوبی افریقہ (178 ووٹ) شامل ہیں۔

ایشیائی الکاہل خطے سے چار نشستوں پر انڈیا (177 ووٹ)، عراق (175 ووٹ)، پاکستان (178 ووٹ) اور ویت نام (180 ووٹ) منتخب ہوئے۔

(جاری ہے)

لاطینی امریکہ اور غرب الہند کے لیے دو نشستیں مختص تھیں جن پر چلی (173 ووٹ) اور ایکواڈور (171 ووٹ) رکن منتخب ہوئے۔

مغربی یورپ و دیگر ممالک کی دو نشستوں پر اٹلی (179 ووٹ) اور برطانیہ (161 ووٹ) کا انتخاب عمل میں آیا۔

وسطی و مشرقی یورپی ممالک کے لیے مختص دو نشستوں پر ایسٹونیا (171 ووٹ) اور سلووینیہ (176 ووٹ) کا انتخاب ہوا۔

کونسل کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ سال بھر انسانی حقوق سے متعلق تمام موضوعاتی مسائل اور اس صورت حال پر بحث کر سکتی ہے جو اس کی توجہ کی متقاضی ہو۔ کونسل کے اجلاس جنیوا میں واقع اقوام متحدہ کے دفتر میں منعقد ہوتے ہیں۔