محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کا ساتھ چھوڑنے کا تصور نہیں کر سکتا، جینا مرنا مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے، میرے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبریں جھوٹ کا پلندہ ہیں

وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو

منگل 17 اپریل 2018 21:22

محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کا ساتھ چھوڑنے کا تصور نہیں کر سکتا، ..
حضرو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے گزشتہ روز ایک قومی روزنامے میں چھپنے والی خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کا ساتھ چھوڑنے کا تصور نہیں کر سکتا، جینا مرنا مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے، مشرف دور میں پارٹی کا ساتھ نہیں چھوڑا، میرے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبریں جھوٹ کا پلندہ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد اشرف بٹ ،حاجی احسان خان، حاجی ابرار ،سعید الرحمان ، خاور سیٹھ اور طلال بٹ بھی موجود تھے۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ لیڈرز پر مشکل وقت آتے رہتے ہیں، محمد نواز شریف پر مشکل وقت ہے ان کا ساتھ چھوڑنے کا تصور نہیں کر سکتا، میری سیاست میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف سے شروع ہو کر ان پر ہی ختم ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں میاں محمد نواز شریف اور شہباز شریف کا مشکور ہوں جنہوں نے ہمیشہ مجھ پر اعتماد کیا، ان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچا سکتا۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ آج جو بھی اٹک میں ترقی ہوئی ہے وہ میاں برادران کی بدولت ہے۔ شیخ آفتاب احمد نے گزشتہ روز چھپنے والی خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ میرا جینا مرنا میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کے ساتھ ہے ۔